لاہور میں پولیس مقابلہ، اہلکار شہید، دو ڈاکو ہلاک

29

 

لاہور  : لاہور میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران ایک کانسٹیبل شہید، دوسرا زخمی ہو گیا جب کہ فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو بھی مارے گئے۔

 

رپورٹ کے مطابق پولیس اور ڈاکوؤں کا آ منا سامنا باغبانپورہ میں ہوا، موٹر سائیکل سوار ڈاکو پیٹرول پمپ پر شہری سے لوٹ مار کر رہے تھے کہ گشت پر مامور محافظ موقع پر پہنچ گئے۔

 

پولیس کو دیکھتے ہی ڈاکوؤں نے اہلکاروں پر فائرنگ کردی، کانسٹیبل عمران حیدر سر پر گولی لگنے سے شہید جب کہ دلاور زخمی ہو گیا، اس دوران اہلکار کی جوابی فائرنگ سے دونوں ڈاکو بھی مارے گئے۔

 

شہید کانسٹیبل عمران حیدر کی نماز جنازہ پولیس لائن قلعہ گجر سنگھ میں ادا کی گئی، نماز جنازہ میں آئی جی پنجاب سمیت پولیس کے اعلی افسران نے شرکت کی، پولیس کے چاق و چوبند دستے نے شہید اہلکار کو سلامی بھی دی۔

نمازے جنازہ میں شہید کانسٹیبل کے لواحقین بھی شریک ہوئے جو نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کے لیے میت کو آبائی علاقہ لے گئے۔

تبصرے بند ہیں.