کراچی : عید الفطر کے موقع پر پاکستان اور دنیا بھر میں ریلیز کی گئی لالی ووڈ کی رومانوی کامیڈی فلم ’دغا باز دل‘ نے ریلیز کے پہلے دو دن میں ملک بھر سے ریکارڈ کمائی کرکے نیا اعزاز اپنے نام کرلیا۔
’دغا باز دل‘ عید الفطر پر ریلیز ہونے والی واحد نئی فلم تھی، اس کے ساتھ عید کے موقع پر 2022 کی بلاک بسٹر فلم ’لیجنڈ آف مولا جٹ‘ جب کہ فروری 2024 میں ریلیز کی جانے والی ’ٹکسالی گیٹ‘ کو بھی دوبارہ ریلیز کیا گیا تھا۔
عید الفطر کے موقع پر پاکستان بھر میں 6 کے قریب ہولی وڈ فلمیں بھی ریلیز کی گئی تھیں اور ’دغا باز دل‘ کا 9 فلموں کے ساتھ مقابلہ تھا۔ ’دغا باز دل‘ نے ریلیز کے پہلے دو دن میں مجموعی طور پر 3 کروڑ 10 لاکھ روپے کمائی کرکے نیا اعزاز حاصل کیا۔
فلم کے ہدایت کار رؤف وجاہت نے انسٹاگرام پوسٹ میں بتایا کہ ’دغا باز دل‘ نے عید کے پہلے دن ایک کروڑ 20 لاکھ جب کہ دوسرے دن ایک کروڑ 90 لاکھ روپے کی کمائی کی۔
فلم نے ابتدائی دو دن میں مجموعی طور پر تین کروڑ 10 لاکھ روپے کماکر نیا اعزاز حاصل کیا اور خیال کیا جا رہا ہے کہ فلم پہلے ہی ہفتے 10 کروڑ روپے کی کمائی کرنے میں کامیاب جائے گی۔
’دغا باز دل‘ میں مہوش حیات، علی رحمٰن اور مومن ثاقب نے مرکزی کردار ادا کیے ہیں جب کہ دیگر کاسٹ میں سلیم شیخ، لیلیٰ واسطی، بابر علی اور شاعر علی زریون بھی شامل ہیں۔ فلم کو پاکستان کے علاوہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای)، برطانیہ اور امریکا سمیت دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.