پنجاب میں گندم خریداری مہم کا آغاز، باردانہ کی درخواستوں کی وصولی کل سے ہوگی

230

لاہور:پنجاب میں گندم خریداری مہم کا آغاز ہوگیا، باردانہ کی درخواستوں کی وصولی کل سے ہوگی۔ کاشتکار کل   سے باردانہ ایپ کے ذریعے باردانہ کے حصول کی درخواستیں دے سکیں گے۔
ترجمان محکمہ خوراک کے مطابق 13 اپریل سے باردانہ ایپ پر درخواستیں جمع کروائی جا سکیں گی، پی آئی ٹی بی کی باردانہ ایپ پر 13 سے 17 اپریل تک باردانہ کی درخواستیں موصول ہوں گی، پی آئی ٹی بی اور پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کی تصدیق کے بعد کاشتکاروں کو تصدیقی میسیج کیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق   کاشتکاروں کو باردانہ کے اجراء اور گندم وصولی کی تاریخ کا میسیج بذریعہ باردانہ ایپ کیا جائے گا، باردانہ کا اجراء 19 اپریل 2024 سے ہوگا، محکمہ خوراک باردانہ پہلے آئیں پہلے پائیں کی بنیاد پر فراہم کرے گا، سوموار 22 اپریل سے گندم کی خریداری شروع ہوگی۔
محکمہ خوراک کے ترجمان نے بتایا کہ ضلعی سطح پر گندم کی خریداری کیلئے تمام انتظامات مکمل ہیں، صوبہ بھر میں 393 گندم خریداری مراکز قائم کئے گئے ہیں، کاشتکار بھائیوں سے گندم 3900 روپے فی من کی مقررہ قیمت پر خریدی جائے گی جبکہ گندم کی قیمت کے علاوہ ہر کاشتکار کو 30 روپے فی 100 کلوگرام ڈلیوری چارجز ادا کئے جائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.