انڈر 19 ایشیا کپ: پاکستان کا شاندار آغاز، نیپال کو 7 وکٹوں سے ہرادیا

12

کراچی :انڈر 19 ایشیا کپ میں  پاکستان   نے شاندار آغازکیا اور  نیپال کو 7 وکٹوں سے ہرادیا ہے۔اے سی سی انڈر 19 ایشیا کپ میں پاکستان نے نیپال کو 7 وکٹوں سے ہرادیا، محمد ذیشان 6 وکٹیں حاصل کیں، سعد بیگ اور اذان اویس نے نصف سنچریاں بنائیں۔

آئی سی سی اکیڈمی گراؤنڈ دبئی میں ہونے والے میچ میں پاکستان انڈر 19 ٹیم نے شاندار آغاز کیا۔ نیپال انڈر 19 نے پہلے بیٹنگ کی تو آدھی ٹیم صرف 46 کے اسکور پر پولین لوٹ گئی پھر اوتم ماگر اور دیپیش کندل نے چھٹی وکٹ کی شراکت میں 68 رنز جوڑ کر پوزیشن بہتر بنائی اوتم ماگر نے 51 رنز بنائے دیپیش کندل نے 31 رنز بنائے۔

نیپال کی ٹیم 47.2 اوورز میں 152 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ فاسٹ بولر محمد ذیشان نے 19 رنز دے کر6 وکٹیں حاصل کیں۔ یہ کسی بھی پاکستان کے بولر کی انڈر 19 ون ڈے بین الاقوامی مقابلوں میں دوسری بہترین کارکردگی ہے۔شاہین شاہ آفریدی نے 2018 کے انڈر 19 ورلڈ کپ میں آئرلینڈ کے خلاف 15 رنز دے کر 6 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ جواب میں پاکستان انڈر 19 نے 26.2 اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر مطلوبہ سکور پورا کرلیا۔

اذان اویس نے 56 رنز بنائے اور آؤٹ نہیں ہوئے۔ کپتان سعد بیگ نے 56 گیندوں پر 50 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔ اذان اویس اور سعد بیگ نے تیسری وکٹ کی شراکت میں 108رنز کا اضافہ کیا۔پاکستان انڈر 19 ٹیم ٹورنامنٹ میں اپنا دوسرا میچ اتوار کو انڈیا انڈر 19 کے خلاف کھیلے گی۔

تبصرے بند ہیں.