سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاریوں میں مکی آرتھر ہمارا اہم ہتھیار ، فوکس کل کے میچ میں دو پوائنٹس حاصل کرنے پر ہے: قومی ٹیم ہیڈ کوچ
حیدرآباد:قومی ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کاکہنا ہے کہ سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاریوں میں مکی آرتھر ہمارا اہم ہتھیار ہیں۔
حیدرآباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے قومی ٹیم کے ہیڈکوچ گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ سری لنکا کے خلاف میچ کی تیاریوں میں مکی آرتھر ہمارا اہم ہتھیار ہیں، آج ٹیم میٹنگ میں مکی آرتھر نے سری لنکن کھلاڑیوں کے بارے میں کافی تفصیلی پوائنٹ بتائے۔
گرانٹ بریڈ برن کا کہنا تھا کہ مکی آرتھر پہلے سری لنکا کی کوچنگ بھی کرچکے ہیں، انہیں ان کے بارے میں بہت کچھ معلوم ہے۔قومی ٹیم کے ہیڈکوچ کا کہنا تھا کہ بطور ٹیم ہر حریف اور اس کی صلاحیتوں کا احترام کرتے ہیں، ہم بطور ٹیم اس بات پر فوکس ہیں کہ ہمیں جیت کے لیےکس طرح پرفارم کرنا ہے۔ ہم نے ابھی اپنا بہترین کھیل پیش نہیں کیا لیکن یہ تشویش کی بات نہیں ہے، یقین ہے کہ بہت جلد ٹیم اپنا بہترین کھیل پیش کرےگی۔
ان کا کہنا تھا کہ حیدرآباد کی کنڈیشن کے بارے میں مختلف معلومات کی بنیاد پر اپنا ہوم ورک کیا ہے، حیدرآباد میں ہونے والے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک میچوں کی ویڈیو دیکھی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس بات میں کوئی شک نہیں کہ ہم پاور پلے میں مطلوبہ نتائج حاصل نہیں کرپارہے،ہمیں کھلاڑیوں پر پورا اعتماد ہےکہ وہ ٹیم کو اچھا آغاز فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، ہمیں ابھی وہ ٹیمپو نہیں مل رہا جو ہم چاہتے ہیں۔ اس وقت ہمارا فوکس کل کے میچ میں دو پوائنٹ حاصل کرنے پر ہے۔
تبصرے بند ہیں.