ایمرجنگ ایشیا کپ ،گرین شرٹس نے روایتی حریف کو شکست دے کر فائنل اپنے نام کرلیا

44

کولمبو:ایمرجنگ ایشیا کپ میں گرین شرٹس نے روایتی حریفوں کو شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔ پاکستان روایتی حریف بھارت کو شکست دے کر ایمرجنگ ایشیا کپ کا چیمپئن بن گیا۔ پاکستان شاہینز نے اپنی مخالف ٹیم بھارت اے کو 353 رنز کے تعاقب میں 224رنز پر ڈھیر کر دیا۔

پاکستان اے اور بھارت اے ٹیم کے درمیان ایمرجنگ ایشیا کپ کا فائنل میچ کولمبو میں کھیلا گیا۔ بھارتی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا، پاکستان نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں8 وکٹوں کے نقصان پر 352 رنز بنائے۔

 

 

پاکستان شاہینوں نے بہترین انداز میں بیٹنگ کا آغاز کیا۔ اوپنر بیٹر صائم ایوب نے 51 گیندوں پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 59 رنز بنائے جبکہ صاحبزادہ فرحان نے 62 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔اوپننگ بیٹسمینوں کے بعد طیب طاہر نے بھی بہترین اننگز کھیلتے ہوئے سنچری بنا ئی۔ انہوں نے 71 گیندوں پر 4 چھکوں اور 12 چوکوں کی مدد سے 108 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے۔دیگر کھلاڑیوں میں عمیر یوسف اور مبصر خان نے 35، 35، محمد وسیم جونیئر نے 17 اور مہران ممتاز نے 13 رنز کی اننگز کھیلی، شاہینز نے روایتی حریف بھارت کو مقررہ 50 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 353 رنز کا ہدف دے دیا۔

 

بھارت کی طرف سے ہنگر گیکر اور ریان پراگ نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں جبکہ ہرشت رانا، نشانت سندھو اور مانو کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔بھارتی ٹیم کی جانب سے 353 رنز کے ہدف کے جواب میں اچھی بیٹنگ کا آغاز نہ ہوا ان کی پہلی وکٹ 64 کے مجموعی سکور پر گر گئی، ابھیشک نے ذمہ دارانہ بلے بازی کی لیکن ان کا ساتھ دینے کیلئے کوئی بھی کھلاڑی زیادہ دیر کریز پر موجود نہ رہا، اوپنر ابھیشک 61 رنز بنا کر نمایاں رہے۔

ٹارگٹ کو چیز کرتے ہوئے بھارتی ٹیم کی طرف سے اننگز کا آغاز ابھیشک شرما اور سائی سدھارشن نے کیا۔ دونوں نے جارحانہ انداز اپنایا تا ہم 64 کے مجموعی سکور پر سدھارشن 29 رنز بنا کر ارشد اقبال کو وکٹ دے بیٹھے۔نیکن جوزے 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ یش دھل 39 ، ابھیشک شرما 61 ، نیشانت سندھو 10، جوریل 9، ریان پراگ 14، ہرشت رانا 13 ، راج وردھن 11 بنا کرآئوٹ ہوئے۔بھارت کی ٹیم ہدف کے تعاقب میں 224 رنز پرآئوٹ ہوگئی۔

قومی ٹیم کے سپنر سفیان مقیم نے 3 کھلاڑیوں کوآئوٹ کیا ۔ مہران ممتاز ، محمد وسیم اور ارشد اقبال نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا ۔

تبصرے بند ہیں.