جی 20دنیا کی سب سے زیادہ ترقی کرنے والی معیشتوں کا عالمی گروپ ہے اِس تنظیم کے ایک ایسے ورکنگ گروپ کا اگلے ماہ 22سے 24مئی تک مقبوضہ کشمیر کے دارالحکومت سری نگرمیں بھارت نے اجلاس منعقد کرنے کا اعلان کیا ہے جس کا تعلق سیاحت سے ہے اجلاس کے پُرامن انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے قابض انتظامیہ کی مقبوضہ کشمیرمیں تیاریاں عروج پر ہیں مہمانوں کے راستے میں آنے والے بنکرعارضی طورپر منتقل کیے جارہے ہیں غیر قانونی قابض حکومت کی پوری توجہ دنیاکو یہ تاثر دینے پرہے کہ مقبوضہ کشمیر میں امن کی صورتحال خراب نہیں بلکہ تسلی بخش اور اچھی ہے نیز بھارت کے ساتھ کشمیری عافیت محسوس کرتے ہیں جس کے تناظر میں علیحدگی پسندی کے رجحان کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں امیت شاہ کی سربراہی میں وزاتِ داخلہ غیر معمولی انتظامات میں غیر معمولی مصروف ہے کمانڈوز اور شوٹرز کے خصوصی دستے سرینگر اور گلمرگ میں تعینات کرنے کا پروگرام بنایا گیاہے کسی بھی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے اینٹی ڈرون کیمرے، نگرانی کے لئے دیگر استعمال ہونے والے جدیدآلات مقبوضہ علاقے میں پہنچانے کے ساتھ ہنگامی بنیادوں پر شرکا کی رہائش گاہوں میں تزئین و آرائش کا کام بھی ہورہا ہے اجلاس سے قبل گھر گھر تلاشی کا عمل بھی جاری ہے علاقہ مکینوں کوکسی بھی ناخوشگوار واقعہ کا حصہ بننے کی پاداش میں خطرناک نتائج کاسامنا کرنے کے لیے تیاررہنے کی دھمکیاں دی جارہی ہیں جس سے علاقے میں خوف ودہشت کی فضا ہے اِس کیفیت برقرا ر رکھنے کے لیے بھارتی انتظامیہ نے سرینگر کے تاریخی عیدگاہ میدان میں نمازِ عید کی اجازت دینے سے یہ کہہ کر انکار کر دیا ہے کہ ماضی میں کیونکہ عید کی نماز کے بعد ہمیشہ احتجاجی مظاہر ے ہوتے رہے ہیں لہٰذا عید گاہ میں زبردست بھیڑ کی بناپراب بھی ایسا ہونے کا خطرہ ہے جس سے حالات بے قابو ہو سکتے ہیں بات یہاں تک ہی محدود نہیں بلکہ فورسز نے آس پاس کے علاقوں میں لوگوں کے چلنے پھرنے پر پابندیاں لگانے کے ساتھ روزمرہ کے معمولات کے لیے بھی ا وقات نافذ کیے ہیں پھربھی احتجاج کے خدشے کی پاداش میں سیکڑوں افراد کو گرفتار کرنے کے بعد ملک کی دوردراز جیلوں میں منتقل کر دیا گیا ہے یہ حالات بنانا بھارت کے توسیع پسندانہ عزائم کے آئینہ دار اور غیر قانونی قبضے کو مستحکم کرنے کی سرتوڑ کوششوں کا حصہ ہیں۔
ماضی میں بھی بھارت کی سرتوڑ کوشش رہی ہے کہ کشمیر کے متعلق صورتحال کو خاص بنا کر پیش کرنے کی پاکستانی کوششوں کو غلط اور بے بنیادثابت کرتے ہوئے دنیا کو یقین دلایا جائے کہ زمینی حقائق یہ ہیں کہ کشمیری بھارت سے الحاق کر چکے اور انتخابی عمل کا حصہ بن کر خطے کو سیاحت کا مرکز بنانے کی کوششوں میں بھی ساتھ ہیں لیکن حالات سے بھارتی کوششوں کی ہمیشہ نفی ہوتی رہی کیونکہ حریت قیادت اور پاکستان عالمی سطح پر جاندار کردار کے ذریعے بھارتی جھوٹ کاپردہ چاک کرتے رہے پاکستان نے سفارتکاری کے ذریعے ہمیشہ کشمیریوں کی غیر متزلزل حمایت کی اب صورتحال بدلتی جارہی ہے دونوں ملکوں میں سفارتی تعلقات تاریخ کی کم ترین سطح پر ہیں جس کے متعلق بھارتی سفارتکار صاف کہتے ہیں کہ پاکستان سے مستقبل قریب میں بھی سفارتی تعلقات بہتر بنانے کا کوئی منصوبہ زیرِ غورنہیں اور نہ ہی کوئی تیسرا ملک اِس حوالے سے کردار ادا کررہا ہے ظاہرہے موجودہ صورتحال اُس کے لیے فائدہ مند ہے اور مذموم جارحانہ عزائم کوپروان چڑھانے میں مدد گار ہیں جن کی بناپر وہ سرعت سے ایسے اقدامات میں مصروف ہے جن سے مقبوضہ کشمیر دوممالک کے درمیان متنازع مسئلہ کے بجائے علاقے کو بھارت کا اٹوٹ انگ تصورکیا جائے کم ترین سفارتی تعلقات کی بناپر پاکستان کے لیے اب دوطرفہ بات چیت کے امکانات محدودہو چکے ہیں اسی لیے کشمیر کے حوالے سے بات چیت کا عمل تقریباََختم ہے ایسی ہی ہوشیاری بھارت نے سندھ طاس معاہدے کے متعلق دکھائی ہے اور پاکستان کے حصے کا پانی روک کر بنجر و بے آباد کرنے میں مصروف ہے اب وقت آگیا ہے کہ بھارت کے حوالے سے پاکستان ایسی پالیسی بنائے جس سے کشمیرکے متعلق ذمہ داریوں سے لاتعلقی کا تاثر ختم نیز کشمیریوں کو سفارتی،اخلاقی اور اصولی مدد کا پیغام ملے۔
پاکستان نے متنازع علاقے میں جی20 اجلاس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اجلاس عالمی قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہوگی اِس لیے ایسے کسی عمل سے باز رہا جائے مگر لیہہ اور سری نگر اجلاسوں کوپریشان کہنا ہی ذمہ داری نہیں کیونکہ بھارت اپنا ایجنڈا آگے بڑھانے کے لیے عالمی گروپ کی رکنیت کا فائدہ اُٹھا رہا ہے بھارت کے غیر قانونی زیرِ تسلط جموں و کشمیر کی نمائندہ قیادت کل جماعتی حریت کانفرنس کی تمام اکائیوں کے نمائندوں نے بھی جی20ممالک کی توجہ بھارتی فوجیوں کی طرف سے گھر گھر تلاشی اور محاصرے کی طرف مبذول کراتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سفاکانہ کارروائیاں سری نگر گروپ کے اجلاس میں شرکت سے انکار کے لیے کافی ہیں اور جی 20اجلاس کی آڑ میں بھارت درحقیقت
5اگست 2019کے اپنے یکطرفہ اور غیر قانونی اقدامات کو قانونی حیثیت دینا چاہتا ہے مگر یہ ممالک مت بھولیں کہ کشمیر میں قابض ملک انسانیت کے خلاف سنگین جرائم کا مرتکب ہے ایک مقبوضہ علاقے میں گروپ کے اجلاس سے نہ صرف اقوامِ متحدہ کی ساکھ کو نقصان پہنچے گا بلکہ جی20 کے متعلق بھی سوال جنم لیں گے جب مقامی حریت قیادت واشگاف الفاظ میں سراپا احتجاج ہے تو پاکستان کو بھی بطور فریق اعتراض کرنے میں کوئی ابہام کی ضرورت نہیں۔
آبی جارحیت ہو یا اب دنیا کی ترقی کرتی ہوئی بیس بڑی معیشتوں کے گروپ کا اجلاس،کشمیر کے حوالے سے بھارت سوچ سمجھ کر آگے بڑھ رہا ہے اب جبکہ پاکستان کو دیوالیہ ہونے کا نہ صرف خطرہ درپیش ہے بلکہ بدترین اندرونی سیاسی عدمِ استحکام سے بھی دوچار ہے حکومت کی توجہ دیوالیہ ہونے سے بچنے جبکہ سیاسی قیادت کی نظریں زیادہ سے زیادہ سیاسی مفادات حاصل کرنے پر ہیں یہ عوامل بیرونی معامالات سے توجہ ہٹانے کا باعث بن رہے ہیں جس سے فائدہ اُٹھا کر بھارت اپنے غیر قانونی قبضے کو مستحکم تر کرنے میں مصروف ہے لیکن پاکستان کی بطوراہم فریق یہ کوتاہی کشمیریوں کے الحاق کی منزل کو دور کر سکتی ہے بھلے ملک کی سیاسی قیادت دیگر امور پر بات چیت کرنے سے گریزاں ہے ضرورت اِس امرکی ہے کہ کم ازکم مقبوضہ کشمیر کے متعلق ہی ایک پیج پر ہونے کا تاثردینے کے لیے حکومت اور اپوزیشن مل بیٹھیں پاکستان کو چاہیے کہ نہ صرف اقوامِ متحدہ کی توجہ اُس کی پاس کی گئی قرار دادوں کی طرف مبذول کرائے بلکہ دنیا بھر میں قائم سفارتخانوں کو بھی بھارتی سازشوں کا پردہ چاک کرنے کے لیے متحرک کرے سری نگر میں جی 20اجلاس کے مقاصد بڑے واضح ہیں بھارت اب متنازع علاقے کا تاثر زائل اورصورتحال کودنیاکے سامنے نارمل بناکر پیش کرنے کی کوشش میں ہے جس کا ادراک کرتے ہوئے پاکستان اپنی ذمہ داریوں سے کوتاہی نہ برتے تاکہ پاکستان سے الحاق کے خواہشمند کشمیریوں کی اکثریت کو مثبت پیغام جائے اِس حوالے سے اچھی خبر یہ ہے کہ انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل کشمیریوں سے بھارتی فوج کی دشمنی اور اُن کے مکان اور کاروبار تباہ کرنے کی کارروائیوں کو بے نقاب کررہی ہے بھارت اور نیپال کے لیے تنظیم کے رابطہ کار چیری برڈ نے حال ہی میں تنظیم کی ویب سائٹ پر اپنے مضمون میں مودی کی بلڈوز رسیاست،مقبوضہ جموں کشمیر کے معدنی وسائل کی لوٹ مار۔صحافیوں کی گرفتاری سمیت بھارت میں اقلیتوں کو نشانہ بنانے کے واقعات کامفصل احاطہ کیا ہے پاکستان بھی اگر مقدمہ شواہد اور دلائل سے دنیا کے سامنے پیش کرے تو بھارت کو مذموم مقاصد سے کسی حد تک باز رکھنا ممکن ہے۔
Prev Post
Next Post
تبصرے بند ہیں.