عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی معاملات چلانے کیلئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی گئی

57

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں پارٹی معاملات چلانے کیلئے چھ رکنی کمیٹی تشکیل دیدی ہے۔ 
پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین کی گرفتاری کی صورت میں 6 رکنی ایمرجنسی کمیٹی پارٹی کے معاملات دیکھے گی جو عمران خان نے قائم کی ہے اور اس میں شاہ محمود قریشی، سینیٹر سیف اللہ خان نیازی، سینیٹر اعظم سواتی، سینیٹر اعجاز چوہدری، مراد سعید اور علی امین گنڈا پور شامل ہیں۔
قبل ازیں اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شبلی فراز نے بتایا تھا کہ عمران خان کے گرفتار ہونے کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان تیار ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی رہائش گاہ پر زہریلی گیس کے شیل پھینکے گئے، وارنٹ گرفتاری پر پتہ بنی گالا کا تھا اور یہ گرفتاری کیلئے لاہور پہنچ گئے، 25 مئی سے ظلم و بربریت کا نا ختم ہونے والا سلسلہ رکنے کا نام نہیں لے رہا۔
شبلی فراز کا کہنا تھا کہ عمران خان کی قیادت میں ملک کی جائیداد لوٹنے والوں سے حساب لیں گے، قوم کو اپنے روشن مستقبل کیلئے نکلنا ہوگا اور عمران خان کا ساتھ دینا ہوگا۔
ایک سوال کے جواب میں شبلی فراز نے کہا کہ ہم نے عمران خان کی گرفتاری کی صورت میں دوسری اور تیسری قیادت کا پلان ترتیب دیا ہوا ہے، ایسی صورت میں ساری صورتحال آپ کے سامنے آ جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.