تنگ آ چکے ہیں کشمکشِ زندگی سے ہم

43

انسان کا مقصدِ حیات آخرت کی کامیابی ہے، اسی کے لیے محنت اور جدوجہد کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جو شخص ایمان اور عمل صالح کے ساتھ دنیا سے رخصت ہوا وہی کامیاب ہے۔ اس لیے کہ اسے جنت کی نعمتیں حاصل ہوں گی اور ہمیشہ رہنے والی راحتیں میسر ہوں گی،جن سے بڑھ کر راحت اور سعادت کا تصور بھی نہیں کیا جا سکتا۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے: لوگو اللہ کا وعدہ یقینا برحق ہے: لہذا دنیا کی زندگی تمھیں دھوکے میں نہ ڈالے اور نا وہ بڑا دھوکے باز تمھیں اللہ کے بارے میں دھوکہ دینے پائے۔
موجودہ دور پر نظر ڈالی جائے تو فتنوں کی بھرما ر ہے، ہر طلوع آفتاب کے ساتھ ایک نیا فتنہ سامنے آتا ہے۔ آج کے مسلمان فسق و فجورمیں اتنے مبتلا ہو چکے ہیں کہ ان کے پاس عبادت اور ذکرِ الٰہی کی فرصت ہی نہ رہی اور اس سنگین صورتِ حال کی وجہ سے آج ہمارے معاشرے میں رزق کی تنگی اور معاشی بدحالی عروج پر ہے اور ہر دوسرا تیسرا شخص اخراجات پورے نا ہونے پر شکوہ کناں ہے۔ ہرڈوبتے سورج کے ساتھ جیسے جیسے معاشرہ میں جدت آتی جا رہی ہے وہیں ہمارے لیے مصیبتوں کے نئے در ’وا‘ ہو رہے ہیں۔ہمارا دینِ اسلام ہر شعبہ زندگی کی طرح مال خرچ کرنے میں بھی اعتدال اور میانہ روی کا درس دیتا ہے مگرنفسا نفسی کے اس دور میں ہم خود ہی اپنے سب سے بڑے دشمن بن چکے ہیں۔ اسی وجہ سے رسولِ خدا حضرت محمد مصطفی ﷺ نے ارشاد فرمایا: دنیا کی محبت ہر گناہ کی جڑ ہے۔ بلا شبہ اللہ تبارک و تعالیٰ نے جن و انس کو محض اپنی عبادت کے لیے پیدا کیا ہے، باقی دنیا کی تمام چیزیں اس لیے بنائی گئی ہیں کہ بشر عبادت کے کام میں ان سے مدد حاصل کرے، انسانی زندگی کا مقصد صحت بنانا، مال جمع کرنا اور لہو و لعب نہیں۔ ہماری سوچ، ہماری عادات، رہن سہن اور دن بہ دن بڑھتی خواہشات کے ساتھ عیش و آرائش کی چاہ نے ہمیں مشکل میں ڈال رکھا ہے۔دورِ حاضر میں دنیا کے تقریباً سب ہی ممالک کے باشندے برانڈ کے خبط میں مبتلا ہیں، ہمارے کپڑے،جوتے، موبائل فونز یہاں تک کے کھانوں میں استعمال ہونے والے مرچ، مصالے بھی برانڈڈ ہوتے ہیں اور مغرب کے باشندے ہمیں برانڈ کی دلدل میں دھکیل کر خود اس کا مزہ چکھنے کے بعد واپس قدرت کے قریب ہو کر اپنی زندگی آسان بنا چکے ہیں۔فرمانِ باری تعالیٰ ہے: اے اولادِ آدم! تم ہر نماز کے وقت اپنا لباسِ زینت لیا کرو اور کھاؤ اور پیو اور حد سے زیادہ خرچ نا کرو کہ بے شک وہ بے جا خرچ کرنے والوں کو پسند نہیں فرماتا۔قرآنِ کریم میں بارہا مقامات پر فضول خرچی کی نا صرف شدید مذمت
کی گئی ہے بلکہ ایسا کرنے والوں کو شیطان کے بھائی کہا گیا ہے۔ ارشادِ باری تعالیٰ ہے: اور قربتداروں کو ان کا حق ادا کرو اور محتاجوں اور مسافروں کو بھی (دو) اور (اپنا مال) فضول خرچی سے مت اڑاؤ، بیشک فضول خرچ کرنے والے شیطان کے بھائی ہیں، اور شیطان اپنے رب کا بڑا ہی نا شکرا ہے۔ پاکستان میں بڑی ترتیب اور پلان کے ساتھ پہلے میڈیا کے ذریعے مغربیت کو فعال کیا گیا اور پھر امپورٹڈ آ ئیٹمز کو دیرپا، بہترین اور سٹیٹس سمبل کے طور پر سامنے لانے کے لیے ہر طریقہ کار استعمال کیا گیا۔ اور پھر دیکھتے ہی دیکھتے نامور اور مہنگے برانڈ زکی مصنوعات کے حصول کی ریس نے ہمارے معاشرے میں برانڈڈ چیزوں کے استعمال کا بڑھتا رجحان ایسا نا سور بن چکا ہے جس نے ہمیں چاروں شانے چت کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔شومئی قسمت کے ہم مقابلے، نمود و نمائش اور شو بازی کے اس گھناؤنے کھیل میں مکمل رچ بس چکے ہیں اور اپنی ملکی مصنوعات کو حقیر اور ناقابل ِ استعمال تصور کرتے ہیں، جس کے باعث مقابلے اور دکھاوے کی اس دوڑ میں بلند معیار ِ زندگی کو برقرار رکھنے کے لیے غیر ملکی اشیاء کی طلب بزھتی جا رہی ہے۔جس کے نتیجے میں غیر ممالک ہم سے اچھا خاصہ زر ِ مبادلہ حاصل کر رہے ہیں۔برانڈڈ گاڑیاں، جیولری، گارمنٹس، ریسٹورنٹس اورکھانے پینے کی اشیاء کے ساتھ ساتھ پاکستان کا تعلیمی نظام بھی برانڈ کی اس دور میں کسی سے پیچھے نہیں ہے۔ اسلام دنیا کا وہ واحد مذہب ہے جو انسان کی ہر شعبہ زندگی میں سادگی، اعتدال اور میانہ روی کو پسند کرتا ہے اور اس کے مقابلے میں فضول خرچی، عیش و عشرت اور نمود و نمائش سے ناصرف منع کرتا ہے ہے بلکہ اس کی انتہائی سخت الفاظ میں مذمت بھی کرتا ہے۔دنیا میں ہر چیز سے قیمتی دولت صحت ہے مگر اب سر درد کے لیے بھی برانڈڈ ہسپتالوں کا رخ کیا جاتا ہے۔ تیزی سے بڑھ رہے برانڈ ز کے رجحان نے متوسط طبقے کو مزید دبا دیا ہے۔ نمود و نمائش کا یہ رجحان نا صرف بہت سارے لوگوں کے لیے ذہنی دباؤ اور پریشانی کا سبب بنتا جا رہا ہے وہیں احساس کمتری اور برتری جیسے مسائل کے جنم لینے کا باعث بن رہا ہے۔ جہاں ہماری ملکی معیشت ستر فیصد زراعت پر انحصار کرتی ہے وہیں ہم گندم اور چینی بھی درآمد کرتے آ رہے ہیں۔ پاکستان کی انڈسٹریز پہلے ہی بجلی کی لوڈ شیڈنگ اور بے جا ٹیکسز کے نفاذ کے باعث گزشتہ کئی سالوں سے بدحالی کا شکار تھیں، اب رہی سہی کسر سمگل شدہ امپورٹڈ برانڈز نے پوری کر دی۔ برانڈز کا بڑھتا رجحان اسراف، تکبر اور نمود و نمائش جیسی اخلاقی خرابیوں کا باعث ہے۔پاکستان دو حصوں میں تقسیم ہو چکا ہے شہری آبادی دیہی آبادی سے تیس سال آگے نکل چکی ہے، ہر دوسرا کسان اپنی سونا اگلتی زمین فروخت کر کے شہروں میں بچھے سوسائیٹیز کے جال میں پھنستے جا رہے ہیں، بات صرف یہیں تک نہیں رکتی بلکہ کئی سوسائیٹیز نے زرعی زمینوں کو سوسائیٹیز میں منتقل کر دیا ہے اور حکومت ِ پاکستان تا دم تحریر خاموش تماشائی اور مبینہ سہولت کار کا کردار ادا کر رہی ہے۔ نمود و نمائش اور دکھلاوے کی اندھا دھنددوڑ میں دوڑتے ہوئے ہم نے کبھی اس بات پر غور کرنے کی ضرورت ہی محسوس نہیں کی کے دنیا کہ امیر ترین اشخاص کی فہرست میں شامل ہونے والے بل گیٹس جنہوں نے دنیا کا نظام ہی تبدیل کر کے ڈیجٹلائز کر دیا جس وجہ کے باعث ایک عام سی جینز اور شرٹ پہنے نظر آتے ہیں۔ کیا وہ برانڈڈ کپڑے خریدنے کی استطاعت نہیں رکھتے؟؟؟ ایسا اس لیے ہے کہ انہیں معلوم ہے اپنا پیسہ کب، کہاں اور کیوں خرچ کرنا ہے۔ اسلام سادگی کا دین ہے، آسان اور سکھ کے ساتھ سادگی کی زندگی کا سر چشمہ ہے۔ وہ سادگی جس کا درس اور تلقین ہمیں بار ہا کی جاتی رہی آج غیر مسلم اسے اپنا کر پر سکون اور کامیاب زندگی بسر کر رہے ہیں جبکہ نمود و نمائش اور دکھاوا ہماری زندگیوں کا محور بن چکا ہے۔ اشفاق احمد فرماتے ہیں کہ:۔ سادگی بھی انسان کو اس کے وجود اور اللہ سے قریب کر دیتی ہے اور آدمی کئی مشقتوں سے بچ جاتا ہے۔ گزشتہ کئی دہائیوں سے ہمارے معاشرے کی بدقسمتی رہی ہے کہ ہم بہت جلد دنیا کی رنگینوں میں غوطہ زن ہو کر دوسروں کی ظاہری شان و شوکت، مال و دولت اور ظاہری نمود و نمائش سے متاثر ہو جاتے ہیں۔ذہن نشیں رکھنے کی ضرورت ہے کہ ہم سے پہلے بھی بہت سے نامور بادشاہ اور حکمران اس دنیا میں آئے جنہیں اپنی دولت، شان و شوکت اور مرتبے پر بے حساب غرور تھا، لیکن آج ان کا انجام یہ ہے کہ ا ُ ن کی ہڈیاں تک مٹی میں باقی نہیں ہیں۔ ہمارے معاشرے میں آج جہاں ذہنی امراض اور ڈپریشن میں اضافہ ہو رہا ہے وہیں دوسری جانب کرپشن، رشوت اور دوسرے ناجائز طریقوں سے مال و اسباب میں اضافہ کیا جا رہا ہے۔ اس ساری نمود و نمائش سے معاشرے کے غریب اور تنگدست طبقے کی دل شکنی ہوتی ہے، جس کے نتیجے میں مایوسی، حسد، بغض اور لالچ جیسے جذبات جنم لیتے ہیں۔ معاشرے میں پائے جانے والے ان منفی رجحانوں میں دن بہ دن اضافہ ہو تا جا رہا ہے۔ ہر کس و نا کس اندھا دھند اس کی تقلید میں مصروف ہے، بس جو گنے چُنے گھرانے ان لغویات سے دور ہیں وہی سادگی، آسودگی اور سکون کی زندگی گزار رہے ہیں۔ہمیں اس بات کو تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ ہمارا اخلاق اور کردار کسی بھی ذی شعور کو متاثر کرنے کے لیے کافی ہے۔

تبصرے بند ہیں.