اسلام آباد: متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاہد النہیان کل دو روزہ سرکاری دورے پر اسلام آباد پہنچیں گے ۔
وزیراعظم شہباز شریف کابینہ کے ارکان کے ہمراہ نور خان ائیر بیس پر متحدہ عرب امارات کے صدر کا استقبال کریں گے ۔ شیخ محمد بن زاہد النہیان کو وزیراعظم ہاؤس پہنچے پر مسلح افواج کا چاک و چوبند دستہ گارڈ آف آنر پیش کرے گا ۔ متحدہ عرب عمارات کا وفد 30 جنوری کو دفتر خارجہ کا دورہ کرے گا ، دفتر خارجہ میں فلائنگ اسکواڈ وہیکل تعینات کردیا گیا ہے ۔
شیخ محمد بن زاہد النہیان کے ہمراہ شاہی خاندان کے ارکان ، یو اے ای کے سرمایہ کاروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی اسلام پہنچ رہا ہے ۔
شیخ محمد بن زاہد النہیان پہلے ہی پاکستان میں موجود ہیں ، وہ شاہی وفد کے ہمراہ بدھ 25 جنوری کو نجی دورے پر رحیم یار خان پہنچے تھے ۔
شیخ محمد بن زاہد النہیان کے ہمراہ شاہی وفد میں ابوظہبی ایگزیکٹو کونسل کے رکن شیخ ذیاب بن محمد بن زاید النہیان ، شیخ حمدان بن محمد بن زاید النہیان شامل ہیں ۔ شیخ محمد بن زاہد النہیان کے مشیر شیخ سلطان بن حمدان النہیان اور سپریم کونسل برائے قومی سلامتی کے سیکرٹری جنرل علی محمد حماد الشامسی بھی وفد میں شامل ہیں ۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے دورہ اسلام آباد کے موقع اسلام آباد شہر کو برقی قمقموں ، خوش آمدی بینروں اور دونوں ممالک کے جھنڈوں سے سجایا گیا ہے ۔
متحدہ عرب امارات کے صدر کے دورے کے پیش نظر اسلام آباد میں پیر کو تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ اسلام آباد میں چھٹی کے روز مخصوص سرکاری اداروں کے علاوہ تمام دفاتر اور تعلیمی ادارے بند رہیں گے ۔ سی ڈی اے ، ایس این جی پی ایل ، ائیسکو ، اسپتال کا عملہ اور میٹرو پولیٹن کارپوریشن کا سٹاف بروز پیر ڈیوٹی پر موجود ہوگا ۔
متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاہد النہیان کے دورہ اسلام آباد کے دوران اسلام آباد میں سیکیورٹی ہائی الرٹ ہو گی ۔
شیخ محمد بن زید النہیان دورے کے دوران وزیر اعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کریں گے ۔ پاک متحدہ عرب امارات سربراہائی ملاقات میں برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے طریقوں اور ذرائع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا ۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے 12 جنوری کو اپنے دورہ متحدہ کے دوران شیخ محمد بن زاید النہیان کو دورہ پاکستان کی دعوت دی تھی ۔ وزیر اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران پاکستان کو دیے گئے 2 ارب ڈالر کے قرض کی مدت میں توسیع کا اعلان کیا گیا تھا ۔ متحدہ عرب امارات نے قرضوں میں توسیع کے علاوہ مذید ایک ارب ڈالر قرض دینے کا اعلان بھی کیا تھا ۔
وزیر اعظم کے دورے کے اختتام پرجو مشترکہ اعلامیہ جاری کیا گیا تھا اس میں قرض میں توسیع اور نئے قرض کا ذکر نہیں تھا ۔ قرض میں توسیع اور نئے قرض کی فراہمی کا باضابطہ اعلان شیخ محمد بن زاید النہیان کے دورہ پاکستان کے دوران کیا جائے گا ۔
پاکستان اور متحدہ عرب امارات توانائی ، تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں اپنے تعلقات کو مزید وسعت دینے پر بھی بات چیت کریں ۔
تبصرے بند ہیں.