نیوزی لینڈ کیخلاف اچھی بیٹنگ کے احساس اور خوشی الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا: سلمان علی آغا

23

کراچی: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے والے بلے باز سلمان علی آغاز نے کہا ہے کہ میں اپنے احساس اور خوشی کو الفاظ میں بیان نہیں کر سکتا، مشکل وقت میں اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کی جس میں کامیاب ہوا۔ 
تفصیلات کے مطابق کراچی ٹیسٹ کے دوسرے روز کھیل ختم ہونے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سلمان علی آغاز نے کہا کہ ملک کیلئے کھیلنا فخر کی بات ہے، مشکل وقت میں اچھی بیٹنگ کرنے کی کوشش کی اور اللہ تعالیٰ نے کامیابی سے نوازا جس پر اس کا بہت شکرگزار ہوں۔ 
انہوں نے پہلی سنچری سکور کرنے پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کپتان بابر اعظم کے آؤٹ ہونے کے بعد میں نے ذمہ داری کا مظاہرہ کیا اور ایک ایسے وقت میں اچھی بیٹنگ کی جب ٹیم کو ضرورت تھی۔ 
ان کا کہنا تھا کہ نعمان علی نے وکٹ پر رک کر میری بھرپور مدد کی، اگرچہ اس وقت وکٹ بہت اچھی ہے لیکن وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ یہ بلے بازوں کیلئے کافی مشکلات پیدا کرے گی۔ 
ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گزشتہ شب طبیعت خراب ہونے کی وجہ سے سو نہیں پایا تھا اس لئے دوسرے دن فیلڈنگ پر نہ آ سکا اور اسی وجہ سے باؤلنگ بھی نہیں کی۔ 
انہوں نے کہا کہ اب اگر موقع ملا تو باؤلنگ ضرور کروں گا، فرسٹ کلاس میچز کا تجربہ ٹیسٹ میں کام آتا ہے، ٹیسٹ کرکٹ میں دباؤ ضرور ہوتا ہے مگر ڈومیسٹک کا تجربہ بھی بہت کام آتا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.