برسبین : آسٹریلیا میں شروع ہونے والے ٹی20 ورلڈ کپ کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کے سکواڈ میں تبدیلی کی گئی ہے جس کے بعد مڈل آرڈر کا مسئلہ حل ہوگیا ہے۔
آئی سی سی کے مطابق پاکستان ٹیم کے سکواڈ کے ریزرو میں شامل اوپننگ بیٹر فخر زمان کو مرکزی سکواڈ میں شامل کرلیا گیا ہے جو ایشیا کپ میں ون ڈاؤن پر کھیلنے آتے تھے جبکہ ان کی جگہ مرکزی سکواڈ میں شامل لیگ سپنر عثمان قادر کو ریزرو میں شامل کرلیا گیا ہے۔
اس سے قبل فخر زمان ٹی20 ورلڈ کپ کے سکواڈ کے ساتھ جانے والے ریزرو کھلاڑیوں میں شامل تھے۔
فخر زمان گزشتہ ماہ یو اے ای میں ہونے والے ایشیا کپ میں گھٹنے کی انجری کا شکار ہوگئے تھے جس کے بعد انہیں انگلینڈ کے خلاف ٹی20 سیریز کے لیے ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا۔
فخر زمان کی جگہ خالی کرنے والے عثمان قادر بھی انگلینڈ کے خلاف کھیلتے ہوئے اپنا انگوٹھا زخمی کروا بیٹھے تھے جس کے بعد انھیں نیوزی لینڈ میں ہونے والی سہ ملکی سیریز میں بھی کسی میچ نہیں کھلایا گیا۔
دوسری جانب پاکستان ٹیم کے فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی بھی گھٹنے کی انجری کے بعد ٹھیک ہوکر ٹیم میں واپس آگئے ہیں۔ شاہین شاہ آفریدی ٹی20 ورلڈ کپ کے وارم اپ میچز میں کھیلیں گے جبکہ 23 اکتوبر کو شیڈول پاکستان اور انڈیا کے میچ میں نسیم شاہ اور شاہین آفریدی دونوں کے کھیلنے کا قوی امکان ہے۔
تبصرے بند ہیں.