سعودی عرب میں سزا پانے والوں میں سے 2 کا تعلق (ن) لیگ سے ہے: فواد چوہدری

27

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب میں جن لوگوں کو سزا ہوئی ان میں 2 کا تعلق پاکستان مسلم لیگ (ن) سے ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شریف اور زرداری خاندان پاکستان میں عیاشی کرنے آتے ہیں اور ملک کو لوٹتے ہیں اور چلے جاتے ہیں جبکہ ان لوگوں کا آبائی گھر لندن ہے، یہ دنیا میں جہاں کہیں بھی جاتے ہیں ان کے خلاف چور چور کے نعرے لگتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاک فوج اور پی ٹی آئی کے درمیان تفریق پیدا کرنے والے بے وقوف ہیں، اب پاکستان میں عوام کی منتخب کردہ حکومت ہی تسلیم کی جائے گی، 2 خاندانوں نے پیسہ چوری کرکے لندن اور دبئی میں رکھا، شریف فیملی اپنی کمپنیوں کے ذریعے منی لانڈرنگ کر رہی تھی جبکہ نواز شریف اس لئے نا اہل ہوئے کہ ان پر بے شمار الزامات تھے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اپنی ٹاپ لیڈرشپ میں سے عمران خان کے ساتھ دوڑ کا مقابلہ کرا لیں، زرداری اور شہباز شریف، عمران خان سے چھوٹے ہیں مگر 100 سے 150 سال کے لگتے ہیں۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مصدق ملک نے عارف نقوی کے بارے میں سوال کیا ہے، آپ مفتاح اسماعیل سے پوچھ لیں کہ وہ کون ہے؟ عارف نقوی مفتاح اسماعیل کا بہت اچھا دوست ہے۔
پی ٹی آئی رہنماءاور سابق وفاقی وزیر نے 13 اگست کے جلسے سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ لاہور ہاکی گراؤنڈ میں نیا ٹرف لگنا ہی ہے، تحریک انصاف جلسے کے تمام اخراجات برداشت کرے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.