اسلام آباد: وزیراعظم شہبازشریف سے چینی سرکاری کمپنی نورینکو کے وفد نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے دونوں دوست ممالک کے باہمی فائدے اور ترقی کیلئے سی پیک کی اہمیت کو اجاگر کیا۔
تفصیلات کے مطابق چینی وفد کی وزیراعظم سے ملاقات کے بعد جاری کئے گئے اعلامیہ میں بتایا گیا ہے کہ نورینکو پاکستان میں بجلی اور قابل تجدید توانائی، انفراسٹرکچر، ٹیلی کام، کان کنی اور آئی ٹی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کی خواہشمند ہے۔
اعلامیہ کے مطابق وزیراعظم نے چینی کمپنیوں کو پاکستان میں قابل تجدید توانائی بالخصوص شمسی توانائی کے وسیع امکانات میں سرمایہ کاری کرنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ چین کیساتھ اقتصادی تعاون کو مضبوط کرنا پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے اہم ہے۔
دوسری جانب چین کی وزارت خارجہ کے ترجمان زاو¿ لیجیان نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ چین پاکستان کی معاشی ترقی، لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے اور مالی استحکام کوبرقرار رکھنے کیلئے پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا۔
انہوں نے انٹرنیشنل پریس سینٹر (آئی پی سی) میں معمول کی نیوز بریفنگ کے دوران کہا کہ چین اور پاکستان سدا بہار سٹرٹیجک شراکت دار ہیں ، چین نے معاشی ترقی، لوگوں کے معیار زندگی کو بہتر بنانے کیلئے ہمیشہ پاکستان کی مدد کی ہے۔
ترجمان نے کہا کہ چین دونوں ممالک کے درمیان قریبی تعلقات استوار کرنے کیلئے پاکستان کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے تیار ہے جبکہ پاکستانی حکومت اور چینی سفارتخانہ چینی اداروں کے تحفظ کے حوالے سے قریبی رابطے اور ہم آہنگی کو برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان حکومت نے سی پیک اور بین الحکومتی تعاون کے منصوبوں میں شامل چینی اہلکاروں کے تحفظ کیلئے ایک خصوصی سیکیورٹی فورس قائم کی اور پاکستان میں چینی عہدیداروں کی حفاظت بھی کی ہے۔
تبصرے بند ہیں.