گورنر کی جانب سے پنجاب اسمبلی کا طلب کردہ اجلاس غیر آئینی ہے: چوہدری پرویز الٰہی

16

لاہور: سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے گورنر پنجاب کی جانب سے طلب کردہ اسمبلی اجلاس غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ سپیکر کی موجودگی میں ڈپٹی سپیکر اجلاس کی صدارت نہیں کر سکتا۔ 
تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چوہدری پرویز الٰہی نے کہا کہ میری زیر صدارت اجلاس پہلے سے جاری تھا اور اسے برخاست کرنے کیلئے قوانین کے تحت گورنر سیکرٹری اسمبلی کو لکھتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی کے ہوتے ہوئے کسی اور جگہ پر اجلاس منعقد نہیں کیا جا سکتا اور نہ ہی سپیکر کی موجودگی میں ڈپٹی سپیکر اجلاس کی صدارت کر سکتا ہے۔ 
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں بجٹ پیش نہیں کیا جا سکا تھا۔ سپیکر پرویز الٰہی اور اپوزیشن ارکان اپنے مطالبے پر قائم رہے جبکہ حکومت اپنے موقف پر ڈٹی رہی جس کے بعد اجلاس ملتوی کر دیا گیا۔ 
بعد ازاں گورنر پنجاب بلیغ الرحمن نے پنجاب اسمبلی کا جاری 40 واں اجلاس منسوخ کر دیا اور پنجاب اسمبلی کا 41 واں اجلاس کل ایوان میں طلب کر لیا۔ گورنر بلیغ الرحمن نے پنجاب اسمبلی کا 41 واں اجلاس آج 3 بجے طلب کر رکھا ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.