حکومت کا چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ڈسٹرکٹ فارنر سیکیورٹی سیل قائم کرنے کا فیصلہ

11

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ اوروزارت داخلہ کی ہدایت پر پاکستان میں موجود چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ڈسٹرکٹ فارنر سیکیورٹی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد ڈاکٹر اکبر ناصر خان کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا جس میں ڈی آئی جی ہیڈکوارٹرز ملک اویس احمد، ڈی آئی جی آپریشنز سہیل ظفر چٹھہ، ایس ایس پیز اور ایس پیز نے شرکت کی۔ 
اجلاس میں پاک، چین اکنامک کاریڈور (سی پیک)، نان سی پیک اور نجی کمپنیوں میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت کیلئے ڈسٹرکٹ فارنر سیکیورٹی سیل قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ سی پیک سیکیورٹی کی طرز پرتمام ایس او پیز کا اطلاق نان سی پیک سیکیورٹی منصوبوں کیلئے بھی کیا جائے گا۔
اجلاس میں ہونے والے فیصلے کے مطابق ایڈیشنل ایس پی آپریشنز کی سربراہی میں کام کرنے والے ڈسٹرکٹ فارنرز سیکیورٹی سیل کے کام کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنز کریں گے جبکہ سپیشل برانچ، سی ٹی ڈی اور سیکیورٹی ڈویژن وقتاً فوقتاً سیکیورٹی انتظامات کا آڈٹ کریں گے۔ 
ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈسٹرکٹ اینڈ فارنر سیکیورٹی سیل میں ڈیٹا انٹی گریشن نادرا کی مدد سے کی جائے گی اور اسلام آباد پولیس چینی زبان بولنے والے نوجوان پاکستانی مردوں اور عورتوں کی خدمات حاصل کرے گی جبکہ دفتر خارجہ اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ضروری ہم آہنگی پیدا کی جائے گی۔ 

تبصرے بند ہیں.