گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ کے مستعفی ہونے کا امکان

122

لاہور: عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک  کامیاب  ہونے کے حال ہی میں  گورنر پنجاب مقرر ہونے والے عمر سرفراز چیمہ کے مستعفی ہونے کا امکان ہے جبکہ گورنر خیبرپختونخوا شاہ فرمان پہلے ہی اپنے عہدے سے مستعفی ہو چکے ہیں۔

 

 

ذرائع کے مطابق  گورنر پنجاب عمر سرفراز چیمہ  نئے وزیراعظم کے حلف اُٹھاتے ہی مستعفی ہو جائیں گے۔جبکہ عمران خان نے عمر سرفراز چیمہ کو اسلام آباد بلا لیا  ہے  جہاں وہ آج بنی گالہ میں ہونے والی پی ٹی آئی کی کور کمیٹی اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 

 

واضح رہے کہ اس سے پہلے خیبرپختونخواکے گورنر  شاہ فرمان نے بھی شہباز شریف کو وزیراعظم کا پروٹوکول دینے سے معذرت کرتے ہوئے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کے وزیراعظم بنتے ہی گورنر کا عہدہ چھوڑدوں گا۔

 

 

خیال رہے کہ  قومی اسمبلی میں اپوزیشن نے تحریک عدم اعتماد کے ذریعے عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے سے فارغ کروا دیا ہے، ساتھ ہی  عمران خان عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے ہیں۔ عمران خا ن کیخلاف تحریک عدم اعتماد 174 ووٹوں سے کامیاب ہوئی جس کے بعد وہ وزیراعظم نہیں رہے۔

 

سابق وزیراعظم عمران خان  کے بعد نئے وزیراعظم کے انتخاب کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس کل( پیر)  دوپہر 2 بجے طلب کیا گیا ہے ۔ جبکہ  کاغذات نامزدگی آج سہ پہر 4 بجے تک جمع کرائے جا سکیں گے اور کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سہ پہر ساڑھے 4 بجے تک ہو گی۔نئے قائد ایوان کے چناؤ کیلئے قومی اسمبلی کا اجلاس پیر کی صبح 11 بجے طلب کیا گیا تھا جس کا وقت تبدیل کر دیا گیا ہے اور قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے وزیراعظم کا الیکشن اب پیر دوپہر2 بجے ہو گا۔

تبصرے بند ہیں.