پیٹرول پمپس پر ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مقدار میں ہیرا پھیری کا انکشاف

66

شیخوپورہ:  مہنگے پیٹرول کا بوجھ برداشت کرنیوالی عوام کو  پیٹرول پمپس پر  مزید چونا لگائے جانے کا انکشاف ہوا ہے۔ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مشینوں کو آپریٹ کر کے شہریوں کو لوٹنے والوں کیخلاف ضلعی انتظامیہ نے ایکشن لے لیا۔

 

تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے ضلع شیخوپورہ کے علاقے شرقپور شریف میں ضلعی انتظامیہ نے متعدد شکایات کے بعد  پیٹرول پمپ پر کارروائی کی،  جہاں  ریموٹ کنٹرول کی مدد سے مشینوں کو آپریٹ کیا جاتا اور شہریوں کو پوری رقم کے عوض کم پیٹرول دیکر لوٹا جا رہا تھا، انتظامیہ نے دھندے میں ملوث افراد کیخلاف تھانہ شرقپور شریف میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔

ایف آئی آر کے مطابق  پٹرول پمپ پر مشینوں کو ریموٹ  کی مدد سے کنٹرول کیا جارہا تھا  جس سے پیٹرول کی مقدار کو کم کر دیا جاتا  اور بوقت ضرورت چیکنگ کی صورت میں مقدار کو برابر بھی کیا جا تا۔

 

پمپ ملازم کی جیب میں رکھے ریموٹ کنٹرول کے ذریعے مشینوں کو  چلایا جاتا اور  شہریوں کو مقدار سے کم پیٹرول فراہم کیا جاتا  تاہم  چیکنگ آفیسر کے آنے پر سیل مین جیب میں رکھے ریموٹ سے تیل کی مقدار پوری کر دیتا ، چیکنگ مکمل ہونے کے بعد پھر ریموٹ سے مشین کی مقدار ایک لیٹر کی بجائے 700 ملی لیٹر کر دی جاتی ۔

 

اسسٹنٹ کمشنر وپرائس کنٹرول مجسٹریٹ شرقپور شریف مزمل الیاس نے اس حوالے سے بات کرتے ہوئے  کہا کہ باقی سب پمپس کو بھی چیک کر رہے ہیں، شہریوں کو لوٹنے کے اس دھندے میں میں ملوث  مزید افراد  کو بے نقاب کیا جائے گا اور ان کیخلاف کارروائی بھی عمل میں لائیں گے۔

تبصرے بند ہیں.