اسلام آباد: سپریم کورٹ آف پاکستان نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی بحالی کا عبوری حکم واپس لیتے ہوئے کہا ہے کہ اس حوالے سے ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، پنجاب حکومت چاہے تو ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔
تفصیلات کے مطابق عدالت نے راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی (روڈا) کو کام سے روکنے سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے عبوری حکم کے خلاف پنجاب حکومت کی اپیلیں نمٹاتے ہوئے قرار دیا ہے کہ راوی اربن منصوبہ کیس میں ہائیکورٹ کا حتمی فیصلہ آ چکا ہے، پنجاب حکومت چاہے تو ہائیکورٹ کا فیصلہ چیلنج کر سکتی ہے۔
سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ قانون کے تحت حتمی فیصلے میں عبوری حکم ضم ہوچکا ہے اور حتمی فیصلہ آنے کے بعد عبوری حکم کیخلاف اپیلیں غیر موثر ہوچکی ہیں۔
دوران سماعت روڈا کے وکیل نے عدالت سے 2 ہفتوں کا وقت دینے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ ہم ہائیکورٹ کے احکامات کا جائزہ لینا چاہتے ہیں جس پر جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دئیے کہ ہائیکورٹ کا فیصلہ آ چکا ہے، اپیلوں کو لٹکانے کا کوئی فائدہ نہیں، کوئی قانونی نکات اٹھانا چاہتے ہیں تو فیصلے کیخلاف اپیل میں اٹھا دیں۔
واضح رہے کہ پنجاب حکومت نے روڈا کو کام سے روکنے کا لاہور ہائیکورٹ کا عبوری حکم چیلنج کیا تھا تاہم گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ نے دریائے راوی کے کنارے نیا شہر بسانے کے منصوبے یعنی راوی اربن ڈویلپمنٹ پراجیکٹ کو غیر آئینی قرار دیدیا ہے۔
تبصرے بند ہیں.