لاہور: جنوبی افریقہ کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان فاف ڈوپلیسی، ویسٹ انڈیز کے سٹار آل راؤنڈر سنیل نارائن اور انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر معین علی بنگلہ دیش پریمیر لیگ (بی پی ایل) کے آٹھویں ایڈیشن میں ان ایکشن نظر آئیں گے۔
تفصیلات کے مطابق یہ تینوں کھلاڑیوں دو مرتبہ کی چیمپین ٹیم کومیلا وکٹورینز کی نمائندگی کریں گے۔ کومیلا وکٹورینز کی منیجنگ ڈائریکٹر نفیسہ کمال نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ ان کی ٹیم میں مذکورہ تینوں کھلاڑیوں کی خدمات حاصل کر لی ہیں جو بی پی ایل کے آٹھویں ایڈیشن کیلئے ٹیم کا حصہ ہوں گے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ اس وجہ سے ہی تینوں کھلاڑیوں نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے ساتویں ایڈیشن کیلئے خود کو رجسٹرڈ نہیں کروایا اور ان کے نام ڈرافٹس میں بھی شامل نہیں تھے۔ بی پی ایل کا آٹھواں ایڈیشن 20 جنوری سے شروع ہو گا اور 20 فروری تک جاری رہے گا اور یہ شیڈول پی ایس ایل سے متصادم ہے جو 27 جنوری سے شروع ہو گی۔
دوسری جانب بی پی ایل انتظامیہ لیگ کا شیڈول پی ایس ایل کے ساتھ متصادم ہونے پر فکر مند نہیں ہوگی جو رواں مہینے کھلاڑیوں کی ڈرافٹنگ کا عمل بھی مکمل کرنے جا رہی ہے۔ لیگ میں کل 6 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی اور ہر فرنچائز ڈرافٹ کے دوران 3 غیر ملکی کھلاڑیوں کا انتخاب کرے گی۔
بی پی ایل کی گورننگ کونسل کے ایک رکن شیخ سہیل نے اس حوالے سے جاری اپنے بیان میں کہا کہ ہم پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سے پریشان نہیں ہیں اور رواں مہینے ڈرافٹ کا عمل بھی مکمل کر لیں گے مگر ہم صرف ایک چیز سے پریشان ہیں اور وہ کورونا وائرس کی صورتحال ہے۔
تبصرے بند ہیں.