راولپنڈی: ڈپٹی کمشنر راولپنڈی محمد علی نے معروف سیاحتی مقام مری کو ’نو سموکنگ زون‘ بنانے کیلئے ہدایات جاری کر دی ہیں جبکہ راولپنڈی میں سکولوں اور کالجز کے بعد ’یہاں سگریٹ نوشی کرنا منع ہے‘ کے بورڈز لگانے کی ہدایت بھی کی ہے۔
نجی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ ہدایات ڈسٹرکٹ ٹوبیکو کنٹرول امپلی مینٹیشن کمیٹی کے اجلاس کے دوران جاری کی گئیں اور ان کا کہنا تھا کہ مری کو تمباکو کے دھویں سے مکمل پاک کرنے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔
مری ایک معروف سیاحتی مقام ہے جہاں پورے ملک سے سیاح آتے ہیں اور ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کا کہنا ہے کہ ’دھوں سے پاک‘ مری بہت ضروری ہے اور بالآخر یہ ’دھویں سے پاک پاکستان‘ کی تصویر پیش کرے گا۔
ڈپٹی کمشنر محمد علی کا کہنا ہے کہ راولپنڈی کی تمام تحصیلوں میں بھی اسی طرح کے اقدامات اٹھائے جائیں گے تاکہ یہ شہر پاکستان کا سب سے پہلا ’تمباکو کے دھویں سے پاک‘ شہر بن سکے۔
’تمباکو کے دھویں سے پاک پاکستان کے شہر‘ پراجیکٹ کے تحت راولپنڈی میں تمام سکولوں اور کالجوں کے باہر ’نو سموکنگ‘ (یہاں سگریٹ نوشی کرنا منع ہے) کے سائن بورڈز لگانے کی ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں
ڈپٹی کمشنر راولپنڈی کے مطابق ایسے ہی تمام اقدامات تمام سرکاری دفاتر، ہیلتھ کیئر سینٹرز، ہوٹلز، ریسٹورنٹس، کیفے ٹیریاز، ڈھابوں، دالتوں، کانفرنس ہالز، پبلک ٹرانسپورٹ، سٹیڈیمز وغیرہ میں بھی اٹھائے جائیں گے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
Prev Post
تبصرے بند ہیں.