لاہور: دنیا بھر میں جہاں مہنگائی سے زندگی گزارنا مشکل ہو رہا ہے وہیں کچھ شہر انتہائی سستے بھی سمجھے جاتے ہیں۔
دنیا بھر کے ممالک کے بڑے شہروں میں بڑھتی قیمت، کاروبار اور مالی مسائل پر نظر رکھنے والے عالمی جریدے ‘ دی اکانامسٹ‘ کی جانب سے ہر سال کی طرح اس سال بھی دنیا کے مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
سستے شہروں کی فہرست میں پاکستان کا شہر کراچی چھٹے نمبر پر موجود ہے جبکہ اس فہرست میں پہلے نمبر پر شام کا دارلحکومت دمشق ہے۔ دوسرا سستا ترین شہر لیبیا کا شہر تریپولی اور ازبکستان کا دارالحکومت تاشقند تیسرے نمبر پر رہا۔
فہرست کے مطابق بھارت کا شہر احمد آباد 7ویں، الجزائر 8 ویں، بیونس آئرس 9 ویں اور زیمبیا کا دارالحکومت لوساکا 10 ویں نمبر پر سستے ترین شہر ہیں۔ اس فہرست میں دنیا کے 10 مہنگے ترین شہروں میں تل ایب پہلے نمبر پر ہے، جبکہ پیرس اور سنگاپور ایک ساتھ دوسرے نمبر پر براجمان ہیں۔
زیورخ چوتھے ، ہانگ کانگ پانچویں، نیویارک چھٹے، جنیوا ساتویں، کوپن ہیگن 8 ویں، لاس اینجلس 9 ویں اور اوساکا 10 ویں نمبر پر مہنگے ترین شہر رہے۔ 2021 کے اس مہنگے اور سستے ترین شہروں کی فہرست میں 173 شہروں کو شامل کیا گیا ہے جبکہ عالمی معیشت پر کورونا کے اثرات کو بھی مدنظر رکھا گیا ۔ جس کے بعد ان شہروں سے 50 ہزار اشیا اور سروسز کی قیمتوں کا ڈیٹا اگست اور ستمبر کے دوران جمع کیا گیا۔ 40 نئے شہروں کو بھی اس فہرست کا حصہ بنایا گیا۔
تبصرے بند ہیں.