وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی سعودی ہم منصب کیساتھ ملاقات، اہم امور پر گفتگو

104

ریاض: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی ریاض میں سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان آل سعود سے ملاقات ہوئی جس میں دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیر خارجہ نے خادمین الحرمین الشریفین سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ انہوں نے ماحولیات کے حوالے سے بین الاقوامی کانفرنس کے انعقاد پر سعودی ہم منصب کو مبارکباد پیش کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیات کے حوالے سے منعقدہ یہ کانفرنس، خطے میں اپنی نوعیت کی پہلی کانفرنس ہے۔ توقع ہے کہ اس کانفرنس کے انعقاد سے خطے کے ممالک کو ماحولیاتی تبدیلیوں کے مضمرات سے نمٹنے کے لیے علاقائی نقطہ نظر اپنانے میں مدد ملے گی۔

دونوں وزرائے خارجہ نے دوطرفہ تعلقات کے ساتھ ساتھ باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی امور پر بھی بات چیت کی۔ دونوں وزرائے خارجہ نے دونوں ممالک کے درمیان خوشگوار تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ رواں سال نیویارک اور اسلام آباد میں دونوں وزرائے خارجہ کے مابین ہونیوالی ملاقاتوں کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کیا

دونوں وزرائے خارجہ کا بین الاقوامی سطح پر بالخصوص اقوام متحدہ اور او آئی سی فورمز پر دوطرفہ تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق

وزیر خارجہ نے سعودی ہم منصب کو افغانستان میں ابھرتے ہوئے انسانی بحران کے خطرے سے آگاہ کرتے ہوئے، افغانستان میں دیرپا امن اور معاشی استحکام کیلئے عالمی برادری، کی جانب سے ٹھوس اور موثر اقدامات اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

واضح رہے کہ وزیر خارجہ 23 سے 25 اکتوبر 2021 تک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر وزیراعظم پاکستان کے ہمراہ ہیں۔

تبصرے بند ہیں.