نیویارک :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر بھارت کیلئے مشکلات کے نئے پہاڑ کھڑے کر دئیے ،اہم ممالک کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے ڈوزیئر پیش کر دیا ۔
وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے بھارتی غاصب افواج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوزمظالم ڈھارہی ہے،مودی کی انتہا پسند انہ سوچ مقبوضہ علاقے کا جغرافیہ تناسب بدلنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے ۔
نیویارک میں او آئی سی رابطہ گروپ برائے کشمیر اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ نے نشاندہی کی کہ آرایس ایس بی جے پی قیادت مقبوضہ علاقے میں آباد ی کا تناسب بدلنے کیلئے بی جے پی اور آ رایس ایس کے غنڈوں کو سری نگر میں آباد کرنے کی کوششوں میں ہے ،بھار ت اسرائیل جیسا ماڈل مقبوضہ وادی میںنافذ کرنا چاہتا ہے ،عالمی برادری کو اس کیخلاف ایکشن لینا چاہیے ۔
شاہ محمود قریشی نے کہا مسلسل پیلیٹ گن کا استعمال، تشدد، کشمیری سیاسی رہنماؤں کو نظر بند کرنا، بچوں اور خواتین کو یرغمال بنانا،جعلی مقابلے کروانا اور مقبوضہ کشمیر میں نوجوانوں کا سلسلہ وار قتل،انتہاپسند ہندوتوا نظریے کی پیروی کرتے ہوئے آرایس ایس بی جے پی قیادت مقبوضہ علاقے کا جغرافیہ تناسب بدلنے کے ایجنڈے پر گامزن ہے اور کشمیریوں کی شناخت مٹانا چاہتی ہے۔
واضح رہے اس سے قبل شاہ محمود قریشی نے جنرل اسمبلی اجلاس کے موقع پر اہم عالمی رہنماؤں سے ملاقاتیں کیں ،وزیرخارجہ نے عالمی رہنماؤں سےافغانستان اورمقبوضہ کشمیر سے متعلق بات چیت کی ،مختلف ملکوں کے وزرائے خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کے حوالےسے ڈوزیئر پیش کیا،وزرائے خارجہ کو مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہ کیا۔
شاہ محمود قریشی کی سعودی وزیر خارجہ سے بھی ملاقات ہوئی جہاں مقبوضہ کشمیر کی اصل صورتحال سے آگاہ کیا ۔
تبصرے بند ہیں.