واشنگٹن : امریکا نے ایک صحافی اور انسانی حقوق کی کارکن کے مبینہ اغوا کی ناکام سازش کے الزام میں 4 ایرانی انٹیلی جنس اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکا نے خاتون صحافی کو اغوا کرنے کی سازش کرنے پر ایران کی انٹیلی جنس کے 4 اہلکاروں پر پابندیاں عائد کردیں۔ ان چاروں اہلکاروں کی امریکا میں موجود جائیدادیں منجمند کردی گئی ہیں جب کہ امریکی شہریوں پر بھی ان اہلکاروں سے رقم کی منتقلی کی ممانعت ہوگی۔
امریکی وزارت خزانہ کی جانب سے بیان میں بھی کہا گیا ہے کہ پابندی کی زد میں آنے والے ایران کے انٹیلی جنس اہلکاروں کے ساتھ لین دین کرنے والے امریکی شہریوں پر بھی پابندیاں عائد کی جا سکتی ہیں۔
امریکی محکمہ خزانہ نے جمعہ کو کہا کہ ایران انٹیلی جنس کے یہ چاروں اہلکار افراد حکومت کے ناقدین کو خاموش کرنے کی وسیع مہم کا حصہ تھے اور ایرانی نژاد امریکی خاتون صحافی مسیح علی نژاد کو اغوا کرنے کی سازش کی تھی۔
دوسری جانب ایران کی وزارت خارجہ نے خاتون صحافی کے اغوا کی سازش کے امریکی الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کو پابندیاں عائد کرنے کی لت لگ گئی ہے۔
تبصرے بند ہیں.