ویسٹ انڈیز کیخلاف فتح پوری ٹیم کی مشترکہ کاوشوں کا نتیجہ ہے: بابراعظم

208

لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے ویسٹ انڈیز کیخلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کو پوری ٹیم کی مشترکہ محنت کا نتیجہ قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ تمام کھلاڑیوں نے شاندار کھیل پیش کیا اور اس جیت سے بطور کپتان بہت اعتماد ملا ہے۔ 
ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں فتح کے بعد گفتگو کرتے ہوئے بابراعظم نے بتایا کہ باﺅلرز کو وکٹ سے مدد نہیں ملی تو فیلڈنگ پوزیشنز تبدیل کر کے حریف ٹیم پر دباؤ ڈالنے کا فیصلہ کیا جو کامیاب ثابت ہوا۔ 
ان کا کہنا تھا کہ دوسرے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں ہماری وکٹیں جلد گر گئیں مگر اس کے باوجود فواد عالم نے عمدہ کھیل پیش کیا اور ان کیساتھ کریز پر ٹھہر کر جو پارٹنرشپ بنائی، وہ ہمیں میچ میں واپس لے آئی۔ 
بابراعظم نے کہا کہ شاہین شاہ آفریدی نے شاندار باﺅلنگ کی اور اپنی عمدہ کارکردگی سے ویسٹ انڈین ٹیم کو کھیل کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، ہم نے ایک حکمت عملی کے تحت ویسٹ انڈیز کو چوتھے روز 20 اوورز کھلائے اور اپنے منصوبے میں کامیاب ہوئے۔ 
قومی ٹیم کے کپتان نے فواد عالم کی کارکردگی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ میں ہمیشہ کہتا ہوں کہ فواد عالم بہت تجربہ کار بلے باز ہیں جنہوں نے مشکل کنڈیشنز میں شاندار کارکردگی دکھائی اور ہر بلے باز کو فواد عالم سے سیکھنے کی ضرورت ہے کہ مشکل وقت میں کس طرح دباؤ کو برداشت کر کے کارکردگی دکھاتے ہیں۔ 
بابراعظم شاہین شاہ آفریدی کی تعریف بھی کرتے رہے جن کا کہنا تھا کہ وہ بہت بااعتماد اور جارحانہ باؤلر ہیں اور جب بھی انہیں باؤلنگ کا کہا جاتا ہے تو وہ اپنے مخصوص جارحانہ انداز میں باؤلنگ کرتے ہیں، میں بطور کپتان بہت خوش نصیب ہوں کہ میرے پاس شاہین شاہ آفریدی جیسا باؤلر ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.