ریاض: سعودی جنرل اتھارٹی برائے سول ایوی ایشن نے عمرہ زائرین کے لئے کورونا ویکسین ایس اوپیز پر مبنی ٹریول ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے تمام ائر لائنز کو ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
ٹریول ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ منظور شدہ ویکسین کی مکمل ڈوز کے بغیرعمرہ زائرین کو پرواز میں سوار نہ کیا جائے۔ ویکیسین کی مکمل ڈوز کی تصدیق کے لئے سرکاری سرٹیفکیٹ کی موجودگی بھی لازمی قرار دی گئی ہے۔
سعودی حکومت کے ہدایت نامے میں کہا گیا ہے کہ کسی ایک ویکسین کی مکمل ڈوز پر مبنی منظور شدہ سرٹیفکیٹ ہونا لازمی ہے۔ منظور شدہ ویکسین میں ایسٹرازینیکا، فائزر، موڈرنا اور جانسن اینڈ جانسن شامل ہیں۔
ویکسین کی مکمل ڈوز کا سرٹیفکیٹ سعودی ائرپورٹس پر متعلقہ حکام کو پیش کرنا ہوگا۔ اس کے علاوہ مسافر کی روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی کورونا نیگیٹو پی سی آر رپورٹ دکھانا بھی لازمی ہوگا۔ ہدایت نامے کی خلاف ورزی کے ذمہ دار کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔
تبصرے بند ہیں.