جنوبی ایشیاءمیں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے: صدر مملکت عارف علوی

184

اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے کہا ہے کہ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو مقبوضہ کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی، جنوبی ایشیا میں امن کیلئے مسئلہ کشمیر کا حل ناگزیر ہے۔
تفصیلات کے مطابق کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے آج ملک بھر میں یوم استحصال منایا جا رہا ہے جس کے تحت صدر مملکت عارف علوی کی زیر قیادت ایوان صدر سے ریلی نکالی گئی۔ وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، عمر ایوب اور وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری بھی ریلی میں شریک ہوئے جبکہ شرکاءنے کشمیری اور پاکستانی جھنڈے اٹھا رکھے ہیں۔
صدر مملکت عارف علوی نے اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے 5 اگست 2019ءکو ایک مرتبہ پھر غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں یکطرفہ کارروائی کی اور اپنی ان کارروائیوں سے مقبوضہ علاقہ میں آبادی کا تناسب بدلنے کی کوشش کی،بھارتی اقدام چوتھے جنیوا کنونشن اور بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی ہے جبکہ بھارت کی ان کارروائیوں کی بین الاقوامی میڈیا اور انسانی حقوق کی تنظیموں کی طرف سے بھی شدید مذمت کی گئی۔
صدر مملکت نے کہا کہ بھارت کی ان کارروائیوں کا مقصد کشمیری عوام کو حق خودارادیت کے حق سے محروم کرنا ہے، بی جے پی حکومت نے غیر قانونی زیر تسلط جموں و کشمیر میں خوف و ہراس کا ماحول پیدا کیا اور بھارتی مقبوضہ فورسز کے ہاتھوں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں کی گئیں، بھارت کی یہ غیر قانونی کارروائیاں بڑھتے ہوئے ہندو فاش ازم کا مظہر ہیں، جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے مقبوضہ جموں و کشمیر کا منصفانہ حل ناگزیر ہے۔
صدر مملکت عارف علوی کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن عالمی برادری کو بھارتی غیر قانونی تسلط کیخلاف جنگی جرائم پر احتساب کرنے کی یادہانی کراتا ہے، یہ دن عالمی برادری کو کشمیریوں کے ساتھ کئے گئے وعدے پورے کرنے کی بھی یاددہانی کراتا ہے، عالمی برادری کشمیر کے مسئلہ کے حل کیلئے اپنا کردار ادا کرے۔

تبصرے بند ہیں.