اسلام آباد: چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا ہے کہ پاکستان ، چین میں مصالحہ جات کیلئے شراکت داری تشکیل پاگئی ہے ۔
اپنے ٹویٹ میں عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ چینی شراکت داروں میں سمیک ، سیاچن لٹانگ فوڈ گروپ شامل ہیں ، انہوں نے کہا کہ 100 ایکڑ پر چلی فارم کا پائلٹ پراجیکٹ مکمل کر لیا گیا ۔ اگلے مرحلے میں چلی فارم کا رقبہ 3 ہزار ایکڑ تک پہنچ جائے گا ۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ کاشت کے علاقے کی تیاری اور لیبر کی تربیت جاری ہے ، پراسیسنگ ، برآمدی مراحل کیلئے بھی اقدامات جاری ہیں ۔
واضح رہے کہ گزشتہ ماہ چیئرمین سی پیک اتھارٹی عاصم سلیم باجوہ نے کہا تھا کہ گوادر پورٹ کو مکمل طور پر کام کیلئے فعال کردیا گیا ہے ۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ اس وقت پورٹ مکمل طور پر آپریشنل ہے ، یہاں پر کسٹمز کا کام بھی پوری طرح ہو رہا ہے ۔ 24 ہزار میٹرک ٹن کا جہاز آسٹریلیا سے ریسیو کر رہے ہیں ۔ اس جہاز میں افغان ٹرانزٹ موجود ہوگی ۔
انہوں نے کہا کہ گوادر فری زون کا پہلا فیز 62 ایکڑ پر موجود تھا ۔ گوادر فری زون کا دوسرا فیز بھی تکمیل کے مراحل میں ہے ۔ گوادر فری زون فیز ٹو کیلئے پوری طرح تیاری کر رہے ہیں ۔ ایکسپریس وے پر 94 فیصد کام مکمل ہوچکا ہے ، یہ ستمبر تک اسٹارٹ ہو جائے گا ۔
چیئرمین سی پیک اتھارٹی نے کہا کہ گزشتہ ڈھائی سال میں گوادر پورٹ اور اس سے منسلک منصوبوں پر تیزی سے کام مکمل ہوا ۔ گوادر ایئرپورٹ پر بھی تیزی سے کام جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گوادر میں چین کے تعاون سے ایک ہسپتال بنایا جا رہا ہے ۔ گوادر میں ہسپتال چین کے صدر کی طرف سے تحفہ ہے ۔ گوادر سٹی کا مسٹر پلان منظور ہوچکا ہے جبکہ عملدرآمد باقی ہے ۔ آنے والے وقت میں گوادر شہر کی ڈویلپمنٹ میں تیزی نظر آئے گی ۔
عاصم سلیم باجوہ نے کہا کہ ڈھائی سے 3 سال میں گوادر میں 12 ہزار نوکریاں فراہم کی گئی ہیں ۔ وزیراعظم نے ہدایت کی ہے کہ روزگار کے زیادہ سے زیادہ مواقع پیدا کئے جائیں ۔
تبصرے بند ہیں.