ابراہیم رئیسی کا ملک میں محنتی، انقلابی اور کرپشن سے پاک انتظامیہ لانے کا اعلان

171

تہران : ایران کے نو منتخب صدر ‘ابراہیم رئیسی ‘ نے ملک میں ایک محنتی ، انقلابی اور کرپشن سے پاک انتظامیہ لانے کا اعلان کیا ہے ۔

ابراہیم رئیسی نے صدر منتخب ہوتے ہی اپنے ایک بیان میں صدارتی انتخابات میں عوامی ٹرن آؤٹ کو تاریخی قرار دیا ۔ نئے صدر کے منتخب ہونے پر ایران بھر میں خوشیاں منانے کا سلسلہ جاری ہے ۔ لوگ خوشی سے سڑکوں پر نکل آئے ، آتش بازی کی اور نو منتخب صدر کے حق میں نعرے لگائے ۔

دوسری جانب انسانی حقوق کیلئے کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے الزام عائد کیا ہے کہ ایران کے نومنتخب صدر ابراہیم رئیسی انسانیت کیخلاف جرائم میں ملوث ہیں ۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس حوالے سے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں الزامات لگائے گئے ہیں کہ ایرانی صدر ابراہیم رئیسی جبری گمشدگیوں، اذیت اور قتل جیسے جرائم میں ملوث ہیں ۔

خیال رہے کہ عام انتخابات میں نومنتخب ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کی فتح کے اعلان کے فوری بعد ہی ایمنسٹی انٹرنیشنل کی رپورٹ پر چہ مگوئیاں شروع ہو گئی ہیں ۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایران میں ابراہیم رئیسی کیخلاف انسانیت کیخلاف جرائم پر تحقیقات کرنے کی بجائے انھیں انتخابات میں حصہ لینے کی اجازت دے کر انھیں صدارت کی کرسی پر براجمان کرا دیا گیا ہے ۔

 

 

 

 

تبصرے بند ہیں.