میانمار میں دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک، متعدد زخمی

139

ینگون: میانمار میں 2 مختلف دھماکوں کے نتیجے میں 2 افراد ہلاک جبکہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ۔

مقامی میڈیا کے مطابق میانمار کے شہر ‘ینگون’ میں فوجی ٹرک کے قریب 2 دھماکے ہوئے ، جس سے قریب کھڑی ٹیکسی بھی دھماکوں کی زد میں آگئی ۔ دھماکوں میں فوج اور پولیس کے اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں ۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی گئیں ہیں ۔

خیال رہے کہ میانمار میں فوجی بغاوت کے نتیجے میں حکومت کا تختہ الٹنے کے 4 سے زائد ماہ کے بعد میانمار کی معزول رہنما آنگ سان سوچی کے خلاف ایک جنتا (فوجی) عدالت میں غداری کے الزام میں ٹرائل کا آغاز کر دیا گیا ہے ۔

آنگ سان سوچی کی وکیل من من سوئے نے کہا کہ معزول رہنما میانمار کے دارالحکومت نیپیدا کی عدالت میں پیش ہوئیں جہاں جنتا نے ان پر لگائے گئے غداری کے الزام کی حمایت میں پیش کیے گئے گواہ کا بیان ریکارڈ کیا ۔ وکیل نے کہا کہ ‘ان کی مزاحمت اچھی ہے ، وہ سنتی ہیں ، کچھ جگہ پر (بیان ریکارڈ ہونے کے دوران جب ان کے خلاف بات ہوئی تو) وہ مسکرائیں’۔ وکیل من من سوئے نے کہا کہ ہم جب بھی انہیں دیکھتے ہیں وہ اپنے اعتماد کے ساتھ ہمیشہ مضبوط نظر آتی ہیں ۔ وکیل من من سوئے نے کہا کہ مقدمے کی کارروائی اب اگلے ہفتے ہوگی ۔

عدالت نے ان کے خلاف علیحدہ الزام پر بھی بیان ریکارڈ کیا کہ گزشتہ برس ہونے والے انتخابات کے دوران جب ان کی جماعت نیشنل لیگ فار ڈیموکریسی کامیاب ہوئی تو آنگ سان سوچی نے کورونا وائرس کی پابندیوں کی خلاف ورزی کی تھی ۔

واضح رہے کہ اگر آنگ سان سوچی پر لگائے گئے تمام الزامات ثابت ہوجاتے ہیں تو 75 سالہ نوبیل انعام یافتہ رہنما کو ایک دہائی سے زائد عرصے تک قید کی سزا سنائی جاسکتی ہے ۔

 

تبصرے بند ہیں.