ملک میں پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ کیسز بڑھنے کے بعد کیا: اسد عمر

60

اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ ملک میں پابندیاں سخت کرنے کا فیصلہ عالمی وبا کے تیز پھیلاؤ کے باعث کیا گیا ۔

اپنی ٹویٹ میں اسد عمر نے کہا کہ چیف سیکرٹریز کو ایس اوپیز پر عملدرآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ، انتظامیہ عوام کے تحفظ کیلئے ایس اوپیز پر عملدرآمد کرا رہی ہے ۔

انہوں نے مزید کہا کہ وبا کے تشویشناک حالت کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے ۔ ٹیسٹ مثبت آنے کی شرح بڑھنے کے باعث ہسپتال تیزی سے بھر رہے ہیں ۔

دوسری جانب معاون خصوصی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے میں ماسک کو پہننا لازمی قرار دیا گیا ، ماسک نہ پہننے والوں کو جرمانہ یا 6 ماہ قید ہوسکتی ہے ۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ پنجاب میں عالمی وبا سے متعلق میکنیزم بنانے کی اشد ضرورت ہے ، وبا کی موجودہ لہر سے نمٹنے کیلئے ہمیں ٹھوس اقدامات کرنے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ این سی او سی نے شادیوں پر مکمل پابندی کی تجویز دی ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب اس سے متعلق کل اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگ کریں گے جبکہ بازاروں اور مارکیٹس میں رش کے باعث ایس او پیز پر عمل کرنا آسان نہیں ، کل بازاروں اور مارکیٹس سے متعلق اہم اقدامات میڈیا سے شیئر کریں گے ۔

معاون خصوصی پنجاب نے کہا کہ پبلک ٹرانسپورٹ میں 50 فیصد نشستوں کو کم کیا جا رہا ہے ۔ ٹرانسپورٹ ایسوسی ایشنز اس اہم چیلنج سے نمٹنے کیلئے تعاون کریں گی ۔ انہوں نے کہا کہ این سی او سی کے مطابق پنجاب بھر میں ویکسی نیشن کا عمل اس وقت سست ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے ویکسی نیشن کے عمل کو تیز کرنے کیلئے متعلقہ حکام کو ہدایات دی ہیں ۔

فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ ماہ رمضان اور عید کے دنوں میں انٹرسٹی ٹرانسپورٹ کا دائرہ کار بڑھ جاتا ہے ، حکومت چاہتی ہے عوام کو کم سے کم تکلیف میں مبتلا کرکے ان کی جانیں بچانے کیلئے حکمت عملی اپنائیں ۔

تبصرے بند ہیں.