کورونا سے پاکستان میں صورتحال سنگین، مہلک وائرس مزید 41 زندگیاں نگل گیا

38

لاہور: نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے جاری رپورٹ کے مطابق گزشتہ روز مزید 41 پاکستانی کورونا کی وجہ سے زندگی کی بازی ہار گئے ہیں، اموات میں حالیہ اضافے سے ملک بھر میں اموات کی مجموعی تعداد 14 ہزار 256 ہو گئی ہے۔

این سی او سی کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران 40 ہزار 369 ٹیسٹ کئے گئے جن میں سے 4 ہزار 525 نئے کیسز رپورٹ ہوئے۔ اس وقت ملک بھر میں کورونا سے متاثرہ افراد کی تعداد 6 لاکھ 59 ہزار 116 تک پہنچ چکی جبکہ 5 لاکھ 98 ہزار 197 مریض اس مرض کو شکست سے کر صحتیاب ہو چکے ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے عوام کے نام اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ کورونا کی تیسری لہر بہت خطرناک صورتحال اختیار کر رہی ہے۔ دنیا ابھی تک اس کی لپیٹ میں ہے اور کسی کو نہیں پتا کہ اس وبا کا خاتمہ کب ہوگا۔

انہوں نے عوام کو اس مہلک مرض کے خدشات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ میں اور میری اہلیہ بھی اس وبا سے متاثر ہو چکے ہیں۔ گزشتہ سال احتیاط برتی تاہم تیسری لہر کے دوران بے احتیاطی کی وجہ سے میں اس مرض میں مبتلا ہو چکا ہوں۔

وزیراعظم نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اس مرض سے بچنے کیلئے ایس او پیز پر مکمل عمل درآمد کریں۔ ماسک اور سماجی دوری ہی اس عالمی وبا سے بچنے کا واحد ذریعہ ہے۔ انہوں نے واضح کیا ہے کہ پاکستان کے معاشی حالات ایسے نہیں یہاں مکمل لاک ڈاؤن کر دیا جائے، کورونا وائرس سے بچنے کیلئے عوام کو خود احتیاط کرنا ہوگی۔

دوسری جانب حکومت نے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنے والے شہریوں کیخلاف سخت ایکشن لینا شروع کر دیا ہے۔ عوامی مقامات پر ماسک نہ پہننے والے افراد پر مقدمے درج کرنے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.