ڈیجیٹل کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی قیمت میں ایک بار پھر ریکارڈ اضافہ

156

نیویارک: ڈیجیٹل کرنسی ’بٹ کوائن‘ کی قیمت میں ایک بار پھر ریکارڈ اضافہ ، ایک بٹ کوائن کی قیمت 61 ہزار امریکی ڈالرز سے تجاوز کر گئی ۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق کرپٹو کرنسی ‘بٹ کوائن ‘ کی قیمت بلند ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ایک بٹ کوائن 61 ہزار 223 ڈالر تک فروخت ہو رہا ہے ۔ گزشتہ ماہ ، بٹ کوائن نے پچھلے تمام ریکارڈ توڑ دیے ، جب ایک بٹ کوائن 61 ہزار 782 ڈالر تک فروخت ہوا ۔ رواں سال ، امریکی کار ساز کمپنی ‘ٹیسلا’ کی جانب سے ڈیڑھ ارب ڈالر سرمایہ کاری کے بعد بٹ کوائن کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ دیکھنے میں آرہا ہے ۔

خیال رہے کہ بٹ کوائن مسلسل اپنے ہی بنائے گئے ریکارڈ توڑ رہا ہے ۔ بٹ کوائن کی قدر گذشتہ سال کے مقابلے تین گنا بڑھی ہے ۔ اسے کئی کمپنیوں نے اپنی ادائیگیوں کا ذریعہ بنا لیا ہے ۔ گزشتہ ماہ مارکیٹ میں بٹ کوائن کی مجموعی قدر ایک کھرب ڈالر سے تجاوز کر گئی تھی ۔

اس سے قبل ڈیجیٹل کرنسی بِٹ کوائن کی قیمت 50 ہزار ڈالر کے قریب پہنچ گئی تھی اور بٹ کوائن کی قیمت 49 ہزار 344 ڈالر تک ریکارڈ کی گئی ۔

انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کی کمپنی ٹیسلا کی جانب سے 1 اشاریہ 5 ارب ڈالر مالیت کے بٹ کوائن خریدنے پر اس میں سرمایہ کاری تیزی سے بڑھ رہی ہے ۔

دنیا کے تیسرے امیر ترین شخص اور مائیکرو سافٹ کے بانی بل گیٹس نے بٹ کوائن اور دیگر ڈیجیٹل کرنسیوں کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ ایلون مسک کے مقابلے میں وہ اس جدت کے حامی نہیں ۔ وال اسٹریٹ جرنل کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں بل گیٹس سے پوچھا گیا کہ دنیا میں ایسی کونسی ٹیکنالوجی ہے جس کے بغیر لوگ زندہ رہ سکتے ہیں اور ان کا جواب تھا کرپٹو کرنسی ۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہے کرپٹو کرنسی سے نجات حاصل کرلی جائے ۔

دوسری جانب ٹیسلا کمپنی نے بٹ کوائن میں گاڑیاں بیچنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے ۔ خبر ہے کہ یہ سہولت امریکی خریداروں کیلئے متعارف کرائی گئی ہے ۔

تبصرے بند ہیں.