پاکستان کی جنوبی افریقہ کے خلاف ایک روزہ سیریز میں کلین سوئپ کی جیت

66

جوہانسبرگ:پاکستان نے جنوبی افریقہ کو تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ کر لیا ہے۔ تیسرے ون ڈے میں پاکستان نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت 36 رنز سے فتح حاصل کی اور پروٹیز کو ان کے ہوم گراونڈ پر ایک روزہ سیریز میں وائٹ واش کرنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔

جوہانسبرگ میں ہونے والے اس میچ میں پروٹیز کے کپتان ٹیمبا باووما نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا، تاہم بارش کے باعث میچ کو 47 اوورز فی اننگز تک محدود کر دیا گیا۔ پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے کیا۔ عبداللہ شفیق مسلسل تیسرے میچ میں بغیر کوئی رن بنائے آؤٹ ہوئے، لیکن صائم ایوب نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے سنچری اسکور کی۔ انہوں نے بابر اعظم کے ساتھ 113 رنز کی اہم شراکت داری قائم کی، جس کے بعد بابر 52 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

صائم ایوب نے 94 گیندوں پر 101 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جس میں 13 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا۔ اس کے بعد محمد رضوان اور دیگر کھلاڑیوں نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان کا مجموعی اسکور 308 رنز تک پہنچایا۔ پروٹیز کے باؤلرز کگیسو رباڈا اور مارکو جانسن نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔

ہدف کے تعاقب میں جنوبی افریقہ کا آغاز کچھ اچھا نہ تھا، اور پہلے 6 اوورز میں ہی ان کے دونوں اوپنرز آؤٹ ہو گئے۔ ایڈن مارکرم اور راسی وینڈر ڈوسن نے کچھ مزاحمت کی لیکن دونوں کے درمیان صرف 36 رنز کی شراکت داری ہوئی۔ ہنرک کلاسن نے 43 گیندوں پر 81 رنز کی اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی طرف سے بہترین اسکور کیا، تاہم وہ بھی ناکام رہے اور پوری ٹیم 271 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کے نئے کھلاڑی سفیان مقیم نے 4 وکٹیں حاصل کر کے شاندار بولنگ کی۔

صائم ایوب کو ان کی شاندار کارکردگی کی بنا پر مین آف دی میچ اور سیریز کے بہترین کھلاڑی کا ایوارڈ دیا گیا۔ اس میچ میں پاکستان نے تین تبدیلیاں کیں، جس میں سفیان مقیم، طیب طاہر اور محمد حسنین کو شامل کیا گیا، جبکہ حارث رؤف، عرفان خان اور ابرار احمد کو آرام دیا گیا۔

پاکستان کی اس فتح کے ساتھ جنوبی افریقہ کے خلاف سیریز میں 0-3 سے کلین سوئپ مکمل ہوگیا، جو ایک تاریخی کامیابی ہے۔

تبصرے بند ہیں.