2024 میں پاکستان میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ، پی ٹی اے

52

اسلام آباد : پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے 2024 کی سالانہ رپورٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ اس سال ملک بھر میں موبائل انٹرنیٹ کی رفتار میں 28 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، 2024 میں انٹرنیٹ کی اوسط رفتار 15.65 ایم بی پی ایس سے بڑھ کر 20.02 ایم بی پی ایس تک جا پہنچی۔

 

تاہم، انٹرنیٹ سروسز پر نظر رکھنے والے اداروں نے بتایا کہ رواں برس پاکستان میں انٹرنیٹ کی رفتار خاصی سست رہی، اور فروری میں ہونے والے عام انتخابات کے دوران متعدد مواقع پر انٹرنیٹ کی سروسز سست ہوئیں، بعض اوقات انٹرنیٹ اور موبائل سروسز مکمل طور پر بند بھی رہیں۔

 

رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ مالی سال 2023-2024 کے دوران ٹیلی کام شعبے نے 955 ارب روپے کی آمدنی حاصل کی، اور اس دوران 2 کروڑ 96 لاکھ موبائل ڈیوائسز مقامی سطح پر تیار کی گئیں۔ ملک میں ٹیلی کام سبسکرائبرز کی تعداد ستمبر 2024 تک 19 کروڑ 60 لاکھ تک پہنچ گئی، جبکہ براڈبینڈ صارفین کی تعداد 12 کروڑ 76 لاکھ سے بڑھ کر 14 کروڑ 23 لاکھ تک جا پہنچی ہے۔

 

رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں موبائل فون سروسز 91 فیصد اور 4G سروسز 81 فیصد آبادی تک پہنچ چکی ہیں۔ اسی دوران، موبائل ڈیٹا کے استعمال میں 24.2 فیصد اضافہ ہوا اور براڈبینڈ تک رسائی 53.6 فیصد سے بڑھ کر 58.4 فیصد تک ہو گئی۔

تبصرے بند ہیں.