لاہور : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آج سے ملک کے مختلف حصوں میں بارش اور برفباری کا امکان ہے۔ ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی توقع ہے۔
اسلام آباد اور اس کے گرد و نواح میں موسم سرد رہنے کا امکان ہے اور مطلع جزوی طور پر ابر آلود ہو سکتا ہے۔ بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں سرد اور خشک موسم کی صورتحال برقرار رہے گی، جب کہ پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم متوقع ہے۔ میدانی علاقوں میں جھکڑ یا تیز ہواؤں کا سامنا بھی ہو سکتا ہے۔
اس کے علاوہ پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، اور مری، گلیات اور اس کے ارد گرد شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ سندھ میں زیادہ تر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، تاہم صبح کے اوقات میں سکھر، شکارپور، کشمور، خیر پور اور گرد و نواح میں ہلکی دھند کی توقع کی جا رہی ہے۔
تاہم خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں موسم سرد اور خشک رہے گا، لیکن پہاڑی علاقوں میں شدید سردی اور جزوی طور پر ابر آلود موسم کی پیشگوئی کی گئی ہے۔ چترال، دیر، سوات اور کرم میں ہلکی بارش اور پہاڑوں پر ہلکی برفباری بھی متوقع ہے۔
اس کے ساتھ ہی کشمیر میں شدید سردی اور جزوی ابر آلود موسم رہے گا، جبکہ گلگت بلتستان میں بھی مطلع جزوی ابر آلود رہنے کے علاوہ ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
تبصرے بند ہیں.