پشاور : آج 16 دسمبر 2024 کو آرمی پبلک سکول پشاور پر حملے کی دسویں برسی منائی جا رہی ہے، جس میں دہشت گردوں نے بے رحمی سے اسکول پر حملہ کیا اور 140 سے زائد افراد کی جان لے لی تھی۔ ان میں بیشتر وہ طلباء تھے جو آٹھویں، نویں اور دسویں جماعت کے تھے اور اس وقت تربیت کے دوران آڈیٹوریم میں موجود تھے۔ حملے میں اسکول کے اساتذہ اور دیگر عملہ بھی شہید ہو گیا تھا۔
دہشت گردوں کے حملے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے فوری طور پر کارروائی کی اور دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔ اس سانحے کے بعد پاکستان میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان شروع کیا گیا، جس کے نتیجے میں نہ صرف دہشت گردوں کے خلاف بھرپور آپریشنز کیے گئے بلکہ قبائلی علاقوں میں بھی امن کی بحالی ہوئی۔
آج اس سانحے کی یاد میں ملک کے مختلف حصوں میں تعلیمی ادارے بند ہیں۔ لاہور، جڑواں شہروں کے ساتھ ساتھ گجرات اور سیالکوٹ میں بھی تعلیمی ادارے تعطیل پر ہیں۔ اس دن کو یاد کرتے ہوئے شہداء کی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا جا رہا ہے اور ان کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔
سانحہ اے پی ایس نہ صرف پاکستان کی تاریخ کا ایک المناک سانحہ تھا بلکہ اس نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم کو نیا عزم بھی دیا۔ آج بھی اس واقعے کی یادیں دلوں میں زندہ ہیں، اور ہم عہد کرتے ہیں کہ پاکستان میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔
تبصرے بند ہیں.