لاہور: پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل نے 23 نومبر سے پاکستان میں شروع ہونے والے چوتھے ٹی20 بلائنڈ کرکٹ ورلڈ کپ کے لیے 16 رکنی قومی ٹیم کا اعلان کر دیا ہے۔ سلیکشن کمیٹی کے اراکین مسعود جان، محمد جمیل اور طاہر محمود بٹ نے چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ کی منظوری سے کھلاڑیوں کے ناموں کا اعلان کیا۔
قومی ٹیم کی قیادت نثار علی کریں گے جبکہ بدر منیر نائب کپتان ہوں گے۔ ٹیم میں شامل کھلاڑیوں میں بی ون کیٹیگری (B1) کے ظفر اقبال، محمد ادریس سلیم، محمد شاہزیب، فخر عباس، محمد آصف، اور محمد سلمان، بی ٹو کیٹیگری (B2) کے بابر علی، نعمت اللّٰہ، ہارون خان، اور بی تھری کیٹیگری (B3) کے محمد صفدر، کامران اختر، اکمل حیات ناصر، طلحہ اقبال اور مطیع اللّٰہ شامل ہیں۔
ریزرور کھلاڑیوں میں محمد ایاز، معین اسلم اور محمد راشد ہیں۔ ٹیم آفیشلز میں محمد جمیل ہیڈ کوچ، مسعود جان اسسٹنٹ کوچ، ملک ابرار حسین ٹیم منیجر، نوید حسین عباسی اسسٹنٹ مینیجر اور طاہر محمود بٹ ٹرینر ہوں گے۔
پاکستانی ٹیم اپنا افتتاحی میچ 23 نومبر کو جنوبی افریقہ کے خلاف لاہور میں کھیلے گی۔ چیئرمین پی بی سی سی سید سلطان شاہ نے کہا کہ ورلڈ کپ کے لیے سینئر کھلاڑیوں کے ساتھ ساتھ نئے کھلاڑیوں کو بھی موقع دیا گیا ہے، جنہوں نے حالیہ ڈومیسٹک ٹورنامنٹس میں شاندار کارکردگی دکھائی۔
تبصرے بند ہیں.