محمد آصف تیسری مرتبہ عالمی سنوکر چیمپئن بن گئے

134

 

دوحہ: پاکستانی کیوئسٹ محمد آصف نے تیسری مرتبہ آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔ فائنل میں محمد آصف نے ایران کے ایشین چیمپئن علی گھر غوزلو کو 3-5 سے شکست دے کر عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔

قطر سے موصولہ اطلاعات کے مطابق، 9 فریمز پر مشتمل اس سنسنی خیز فائنل میں محمد آصف نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف کھلاڑی کو مکمل طور پر زیر کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ ہی محمد آصف نے تیسری مرتبہ عالمی سنوکر چیمپئن بننے کا سنگ میل عبور کیا اور بھارت کے پنکج ایڈوانی کے تین مرتبہ عالمی ٹائٹل جیتنے کے ریکارڈ کو بھی برابر کر لیا۔

محمد آصف نے اس ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے چھ سنچری بریک کرنے کا نیا ریکارڈ قائم کیا۔ انہوں نے قبرص کے کھلاڑی مائیکل جورجیو کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-5 سے شکست دے کر فائنل تک رسائی حاصل کی تھی۔

42 سالہ محمد آصف نے 2012 میں پہلی بار آئی بی ایس ایف عالمی سنوکر چیمپئن شپ جیتی تھی، اور 2019 میں بھی عالمی ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ اس سال، انہوں نے متحدہ عرب امارات کے کھلاڑی محمد شہاب کو 1-4 سے شکست دے کر فائنل فور میں جگہ بنائی تھی۔

محمد آصف کی اس شاندار کامیابی نے نہ صرف پاکستان کا نام عالمی سطح پر روشن کیا بلکہ سنوکر کے کھیل میں پاکستان کی برتری کو مزید مستحکم کیا ہے۔

تبصرے بند ہیں.