پاکستان امریکہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کا عزم: وزیر اعظم شہباز شریف

95

گلگت: وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکہ کے تعلقات کو مزید مستحکم اور وسیع کیا جائے گا۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار امریکی انتخابات میں ڈونلڈ ٹرمپ کی کامیابی پر انہیں مبارکباد دیتے ہوئے کیا۔ وزیر اعظم نے کہا کہ وہ ٹرمپ انتظامیہ کے ساتھ مل کر کام کرنے کے منتظر ہیں تاکہ دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے نئے دروازے کھل سکیں۔

وزیر اعظم شہباز شریف اپنے گلگت بلتستان کے دورے کے دوران غذر پہنچے، جہاں انہوں نے سیلاب متاثرین کے لیے "بوبر ماڈل ویلج” کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر وزیر اعظم نے 2022 کے سیلاب متاثرین کو گھروں کی ملکیت کے کاغذات بھی تقسیم کیے۔

وزیر اعظم کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ 110 کنال اراضی پر بنائے گئے اس ماڈل ویلج میں 62 گھروں کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے۔ ہر گھر میں صاف پانی کی فراہمی، سولر توانائی، ایک اسٹور، کچن، دو باتھ رومز اور دو کمرے شامل ہیں۔ وزیر اعظم نے مزید بتایا کہ گلگت شندور شاہراہ کی تعمیر بھی جاری ہے، جو 216 کلومیٹر طویل ہے اور علاقے کے عوام کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو گی۔

خطاب کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ جب وہ اگست 2022 میں یہاں آئے تھے تو ہر طرف تباہی کا منظر تھا اور غذر میں سیلاب نے وسیع پیمانے پر نقصان پہنچایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ سیلاب نے پورے گاؤں کو متاثر کیا، لیکن آج ایک نئی بستی کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے اور متاثرین کو ملکیتی کاغذات دیے جا رہے ہیں۔

وزیر اعظم نے اس موقع پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس نئی بستی کی تعمیر سے علاقے میں خوشیاں واپس آئی ہیں۔ وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان کو اس کامیاب منصوبے پر مبارکباد دیتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ سیلاب میں جاں بحق ہونے والی قندیل کے خاندان کے لیے 50 لاکھ روپے کے فنڈ کا اعلان کیا تھا، جسے بڑھا کر اب 57 لاکھ روپے کر دیا گیا ہے۔

وزیر اعظم نے اس ماڈل ویلج میں فوری طور پر ڈسپنسری، سکول اور کھیل کے میدان کی تعمیر کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن بھی کرائی جائے تاکہ اس کی معیار اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔

تبصرے بند ہیں.