افواج پاکستان کا ’یوم تکبیر‘ کی سالگرہ پر قوم کو مبارکباد

51

راولپنڈی:  چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے ’یوم تکبیر‘ کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق یہ اہم دن 1998 میں پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن کامیابی سے ڈیٹرنس قائم کی گئی اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا گیا۔

 

آئی ایس پی آر نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود شاندار کارنامے میں اپنا حصہ ڈالنے والوں کو مسلح افواج خراج تحسین پیش کرتی ہے۔مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خواب کو تعبیر دینے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے سائنسدان اور انجینئرز تعریف کے مستحق ہیں۔

 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ تاریخی اور اہم دن پر مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع اور خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔افواج پاکستان نے علاقائی سالمیت کے تحفظ، ملکی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔

 

دوسری جانب  وزیراعظم شہبازشریف نے یوم ِ تکبیر پر پیغام میں کہا کہ یومِ تکبیر سیاسی اور دفاعی قوتوں کے اس ملک کے دفاع کو مضبوط تر بنانے کیلئے  سبز ہلالی پرچم تلے متحد ہونے کی یاد دلاتا ہے، ا آج کے دن پوری قوم نے فیصلہ کیا کہ ملکی دفاع پر کسی قسم کا بیرونی دباؤ قبول کر کے سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

 

یوم تکبیر بیرونی دشمنوں کے ساتھ ساتھ ایسے اندرونی دشمنوں جو ملک میں انتشار کی سیاست سے ملک کو خطرے سے دوچار کرنا چاہتے ہیں کے ناپاک عزائم کو ہمیشہ ناکام بنانے کے عہد کی تجدید کا دن ہے۔

تبصرے بند ہیں.