خیبرپختونخوا میں بارشوں کے باعث حادثات، جاں بحق افراد کی تعداد 32، 41 زخمی

14

پشاور :خیبرپختونخوا میں حالیہ بارشوں کے باعث  مختلف حادثات کے نتیجے میں جاں بحق افراد کی تعداد 32ہوگئی جبکہ  41 زخمی ہو چکے ہیں۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے تیزبارشوں کے باعث خیبر پختونخوا میں جانی و مالی نقصانات کی رپورٹ جاری کردی۔

 

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 15 بچے،  12 مرد اور 5 خواتین جبکہ زخمیوں میں 6 خواتین، 28 مرد اور 7 بچے شامل ہیں۔

 

پی ڈی ایم اے کے مطابق  دیواریں اور چھتیں گرنے سے صوبے میں مجموعی طور  پر 1370 گھر متاثر ہوئے ہیں، جس میں 160گھروں کو مکمل جبکہ 1210 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

 

پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں سے خیبر، اپر اور لوئر دیر، چترال، سوات، باجوڑ، شانگلہ، مانسہرہ، مہمند، مالاکنڈ، کرک، ٹانک، مردان، پشاور، چارسدہ، نوشہرہ، بونیر، ہنگو، بٹگرام، بنوں، شمالی اور جنوبی وزیرستان، کوہاٹ، ڈیرہ اسمٰعیل خان میں نقصانات ہوئے۔

 

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے  12 متاثرہ اضلاع میں جاں بحق ہونے والے افراد کے لواحقین کی مالی امداد کے لیے 5 کروڑ روپے جاری کیے گئے ہیں۔

 

دوسری جانب محکمہ موسمیات نے آج سے صوبے میں بارشوں کے نئے سلسلے کا امکان ظاہر کیا ہے ۔خیبرپختونخوا میں صوبائی حکومت بارشوں سے ہونیوالے نقصانات اور مزید نقصان سے بچنے کیلئے کئے حفاظتی انتظامات کر رہی ہے۔

تبصرے بند ہیں.