بانی پی ٹی آئی کو چھوڑا ہے اور نہ چھوڑوں گا ، اپنے قائد کے ساتھ کھڑا رہوں گا: حماد اظہر

19

پشاور:پی ٹی آئی کے رہنما حماد اظہرکاکہنا ہےکہ بانی پی ٹی آئی کو چھوڑا ہے اور نہ چھوڑوں گا بلکہ اپنے قائد کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔حماد اظہر نے پریس کانفرنس میں کہا کہ بانی پی ٹی آئی کو چھوڑا ہے اور نہ چھوڑوں گا بلکہ اپنے قائد کے ساتھ کھڑا رہوں گا۔

ان کاکہنا تھا کہ مجھ سمیت میرے بچے دربدر ہیں والد اور بہنوں کو دھمکایا گیا، بہنوں کے گھر چھاپے مارے گئے اور طوفان بدتمیزی کی گئی، دو دن قبل میں پشاور ہائی کورٹ میں پیش ہوا ہوں، میری وکلا کی ٹیم آئی جی پنجاب پر توہین عدالت کا کیس دائر کرے گی۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ 10 ماہ سے میرے حوالے سے غلط خبریں پھیلائی جا رہی تھیں، میرے کاروبار اور رہائش گاہ کو سیل کر دیا گیا، میرے والد کو کہا گیا کہ میں نے گرفتاری نہ دی تو بہنوں کے گھر جا کر توڑ پھوڑ ہوگی، میری بہنیں تو وہاں موجود نہ تھیں مگر ان کے سسرال والوں سے بدتمیزی کی۔

انہوں نے کہا کہ عدالت میں وکلا نے درخواست دائر کی ہے کہ مجھ پر کتنی ایف آئی آر ہیں، آئی جی پنجاب نے جھوٹ بولا کہ صرف 23 مقدمات درج ہیں، ایک ماہ کے دوران معلومات لیں تو پتا چلا 51 ایف آئی آر درج ہوئیں۔

حماد اظہر نے کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے ججز کا خط موصول ہونا ہولناک خبر ہے، لوگ ان نمونوں اور ذہنی طور پر مفلوج لوگوں سے نفرت کرتے ہیں، عوام ان چہروں سے نفرت کرتی ہے نچلی سطح تک ایک لاوا پک رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ آج کی نسل کو زبردستی ڈرایا دھمکایا نہیں جا سکتا، اس سال بھی منفی گروتھ ہوگی کیونکہ ملک میں گورننس نہیں، اس کی کسی کو پرواہ نہیں کہ عام آدمی پر کیا گزر رہی ہے، 2 سال سے غیر منتخب پی ڈی ایم اور پھر غیر عوامی نمائندے اور فارم 47 کی حکومت ہے۔

تبصرے بند ہیں.