مکہ مکرمہ: مناسک حج کے دوران منیٰ کی عارضی خیمہ بستی میں8ذوالحجہ کا پورا دن قیام کے دوران پانچوں وقت کی نمازیں ادا کر کے دنیا بھر کے25 لاکھ سے زائد حجاج کرام لبیک اللھم لبیک کی صدائیں بلند کرتے حج کے رکن اعظم وقوف عرفہ کیلئے آج 9 ذوالحجہ کو نماز فجرکی ادائیگی کے بعد میدان عرفات کی جانب رواں دواں ہیں جہاں وہ مسجد نمرہ سے حج کا خصوصی خطبہ سنیں گے اور ظہرو عصر کی نمازیں قصر کرکے ایک ساتھ ادا کرینگے۔ شیخ ڈاکٹر یوسف بن محمد خطبہ حج کی سعادت حاصل کریں گے۔
عصر اور مغرب کے درمیان وقوفِ عرفات ہو گا ۔میدان عرفات 33کلومیٹر مربع رقبے پر محیط ہے جہاں دنیا بھر سے آئے عازمین حج وقوف کریں گے۔
دن بھر ذکراذکارکریں گے اور اپنی و امت مسلمہ کی بخشش کیلئے خصوصی دعائیں کریں گے۔ غروب آفتاب کے بعد حجاج کرام مزدلفہ روانہ ہو جائیں گے جہاں مغرب اور عشاء کی نمازیں ایک ساتھ ادا کریں گے۔
عازمین حج رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے۔ یہاں سے ہی شیطانوں کو مارنے کیلئے کنکریاں جمع کریں گے،10 ذوالحجہ بروز بدھ کو صبح نماز فجر کی ادائیگی کے بعد واپس منی چلے جائیں گے جہاں سے رمی (شیطان کو کنکریاں مارنے) کیلئے جمرات جائیں گے۔
سنت ابراہیمی اداکرتے ہوئے قربانی کرنے کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ قربانی کے بعد حاجی احرام اتار دیں گے اور خانہ کعبہ جا کرطواف زیارت کریں گے اور واپس منی جا کر ایام تشریق گزاریں گے۔
رواں سال 30لاکھ سے زائد فرزندان اسلام حج کی سعادت حاصل کررہے ہیں جن میں ڈیڑھ لاکھ سے زائد پاکستانی ہیں۔
تبصرے بند ہیں.