پشاور: خیبرپختونخوا حکومت اور اپوزیشن کے درمیان نگران وزیراعلیٰ کیلئے اعظم خان کے نام پر اتفاق ہو گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور پختونخوا اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر اکرم خان درانی کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں صوبے کے نگران وزیراعلیٰ کیلئے متفقہ طور پر اعظم خان کے نام پر اتفاق کیا گیا۔
اس حوالے سے اکرم درانی کا کہنا تھاکہ نگران وزیراعلیٰ کیلئے ہمارے متفقہ امیدوار اعظم خان ہیں، ہم نے ایسا شخص منتخب کیا ہے جو سب کو قابل قبول ہے، نگران وزیراعلیٰ کا فیصلہ نہ کرتے تو لوگ سمجھتے یہ اب بھی ضد پر قائم ہیں۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ محمود خان کا کہنا تھاکہ تاریخ میں پہلی بار متفقہ طور نگران وزیراعلیٰ کے نام پر اتفاق ہوا اور ہم نے اپنے لیڈر کی مشاورت سے اعظم خان پر اتفاق کیا۔
واضح رہے کہ اعظم خان چیف سیکرٹری سمیت دیگر عہدوں پر رہ چکے ہیں اور اس کے علاوہ سابق نگراں وفاقی وزیر کے عہدے پر بھی کام کر چکے ہیں۔
تبصرے بند ہیں.