لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنماءاور وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا ہے کہ ہم 75 سال میں پیچھے رہ گئے کہ کرپٹ زیادہ ہیں، اس لئے ترقی نہ کر سکے کہ نالائق زیادہ ہیں، قوم اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اختلاف رائے ضرور رکھیں لیکن نفرت نہ پالیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت لاہور کی نجی یونیورسٹی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر احسن اقبال کا کہنا تھا کہ ہمارا صرف ایک مسئلہ ہے اور وہ ہے سیاسی عدم استحکام، ہمارے ہاں پالیسیوں کا تسلسل نہیں رہا۔ دیگر ممالک ہم سے آگے نکل گئے، بنگلہ دیش، انڈونیشیا، ملائیشیا اس کی مثال ہیں۔
وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ قوم اور نوجوانوں سے اپیل ہے کہ اختلاف رائے ضرور رکھیں لیکن نفرت نہ پالیں، اختلاف رائے کو ہم نے نفرت میں بدل دیا ہے، معاشرے کو پولرائزڈ کر دیا ہے، جبکہ اسے استحکام کی اشد ضرورت ہے، معاشرے کو ڈی پولرائزڈ کرنا ہو گا، یہاں استحکام، برداشت، صبر اور ترقی کا سبق پروان چڑھانا ہو گا۔
(ن) لیگی رہنماءکا کہنا تھا کہ یہ سوچنا ہو گا نفرت سے معاشرے نہیں چل سکتے، ہمیں اشد ضرورت ہے کہ ایک دوسرے پر تنقید میں احترام سامنے رکھیں، ہمیں اس نوجوان نسل کو اچھا مستقبل دینے کی طرف جانا ہو گا، ایک وقت تھا جب پاکستان اوپر جا رہا تھا، لیکن پھر بار بار اس راستے کو روکا گیا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ معاشی ماہرین، تاجروں، صنعت کاروں سے اپیل ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کی طرف آئیں، ڈالر آئیں گے تو ملک چلے گا، ہم نے ترقی کو راستے میں روکا جبکہ بنگلہ دیش اور بھارت نے ایسا نہیں کیا، اب بھی وقت ہے کہ سیاستدان مل بیٹھ کر دانش مندی سے پارلیمنٹ میں فیصلے کریں۔
تبصرے بند ہیں.