ایف آئی اے نے چیئرمین سینیٹ کو اعظم سواتی کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا

18

اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) نے چیئرمین سینیٹ کو خط لکھ کر سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری سے آگاہ کر دیا ہے۔ 
تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کو لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ اداروں کے خلاف بیازی بازی پر اعظم سواتی کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔ 
دوسری جانب سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ نے اعظم سواتی کی گرفتای کا نوٹس لے لیا اور ایف آئی اے کے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) کو اجلاس میں طلب کر لیا ہے۔ 
اس ضمن میں جاری کئے گئے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ ڈی جی ایف آئی اے سینیٹر اعظم سواتی کی گرفتاری کے حوالے سے کمیٹی کو تفصیلات سے آگاہ کریں۔ 
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنماءاور سینیٹر اعظم سواتی کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں انہیں 2 روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا۔ 
ایف آئی اے کے پراسیکیوٹر اور پی ٹی آئی کی جانب سے بابراعوان اور فیصل چوہدری عدالت میں پیش ہوئے۔ بابراعوان نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ جو ٹویٹس کئے گئے وہ ایف آئی آر میں لگائی گئی دفعات پر پورا نہیں اترتے۔ 
ڈیوٹی جج وقاص احمد نے استفسار کیا کہ تفتیشی افسر کہاں ہیں؟ بتائیں اعظم سواتی کو کیوں گرفتار کیا گیا؟ جس پر تفتیشی افسر نے بتایا کہ کچھ متنازعہ ٹویٹس کے باعث انہیں گرفتار کیا گیا ہے۔ 
تفتیشی افسر نے مزید بتایا کہ اعظم سواتی نے دوسری بار اس جرم کا ارتکاب کیا ہے، ٹویٹر اکاﺅنٹ اعظم سواتی کا ہے، قانون سے کوئی بالاتر نہیں، یہ ایک بیانیہ بنا رہے ہیں، ان کے خلاف پہلے بھی مقدمہ درج ہے۔ 

تبصرے بند ہیں.