لاہور: قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم نے کہا ہے کہ ٹی 20 انٹرنیشنل کرکٹ میں کوئی ٹیم آسان نہیں ہوتی اس لئے بنگلہ دیش کے خلاف بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی جانب سے جاری کی گئی ویڈیو میں بابراعظم نے کہا کہ جمعہ سے شروع ہونے والی سہ ملکی سیریز بہت اہم ہے اور اس سے پاکستان کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری کا بھرپور موقع میسر ہو گا۔
بابراعظم کا کہنا تھا کہ ٹی 20 کرکٹ میں کوئی بھی ٹیم آسان نہیں ہوتی اس لئے جمعہ کے روز بنگلہ دیش کے خلاف پہلے میچ کیلئے بھرپور تیاری کے ساتھ میدان میں اتریں گے اور جیت کیساتھ سیریز کا آغاز کرنے کی کوشش کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے میچز ٹی 20 ورلڈ کپ کی تیاری میں معاونت کریں گے کیونکہ نیوزی لینڈ کی کنڈیشنز آسٹریلیا سے ملتی جلتی ہیں مگر نیوزی لینڈ کی ٹیم اپنی ہوم کنڈیشنز میں سخت حریف ثابت ہوتی ہے۔
بابراعظم نے کہا کہ نیوزی لینڈ کے پاس کین ولیم سین، ٹم ساؤتھی اور ٹرینٹ بولٹ جیسے تجربہ کار کھلاڑی موجود ہیں جو دیگر ٹیموں کو سخت مقابلہ دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں ہم نے مختلف کمبی نیشن آزمائے جس سے اپنی خامیوں اور خوبیوں کا اندازہ ہوا اور اب سہ ملکی سیریز سے کمبی نیشن کو حتمی شکل دینے میں مدد ملے گی۔
تبصرے بند ہیں.