عالمی رہنماؤں کی اہل اسلام کو ماہِ صیام کی مبارکباد

22

لاہور:  ماہ رمضان المبارک  کے آغاز کے موقع پر  عالمی رہنماؤں نے مسلمانوں کو  مبارکباد پیش کی ہے۔

 

امریکی صدر جو بائیڈن نے عالم اسلام کو  رمضان کے بابرکت مہینے  کی مبارکباد دیتے ہوئے امریکہ سمیت دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے  نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ جوبائیڈن نے  اپنے بیان میں قرآن مجید کی ایک آیت کا حوالہ  دیتے ہوئے کہا کہ  قرآن پاک ہمیں سکھاتا ہے کہ جو کوئی ذرہ برابر بھی نیکی کرے گا وہ اس کا اجر پائے گا۔

دوسری جانب اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے بھی عالم اسلام کو ماہ صیام کی مبارکباد دیتے ہوئے قرآن پاک کا ذکر کیا اور کہا کہ ’قرآن پاک ہمیں سکھاتا ہے کہ خدا نے قوموں اور قبیلوں کو  تخلیق کیا  تاکہ ہم ایک دوسرے کو جان سکیں، آئیے ایک دوسرے سے سیکھیں اور مل کر ایک پرامن دنیا بنائیں۔‘ انہوں نے  دنیا بھر کے مسلمانوں کیلئے رمضان کے مقدس مہینہ شروع ہونے پر   نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

 

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد دی اور  ویڈیو کا آغاز  ’اسلام علیکم‘ سے کیا ۔انہوں نے  کہا کہ آج کینیڈا اور دنیا بھر کے مسلمان رمضان کے مقدس مہینے کی شروعات کر رہے ہیں، یہ عبادت ، نفس کو پرکھنے اور غور و فکر کا وقت ہے اور اسلام کی بنیادی اقدار جیسے امن، ہمدردی اور سخاوت کو منانے کا وقت ہے۔

 

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی ٹوئٹر پر عالم اسلام کو ماہ رمضان کی مبارک دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور لکھا کہ’  خدا کرے اس بابرکت مہینے میں لوگوں میں غریبوں کی مدد کرنے کا جذبہ پیدا ہو، اور ہمارے معاشرے میں امن و بھائی چارے کی فضا  کو فروغ ملے‘

 

ملائیشیا کے  وزیراعظم اسماعیل صابری یعقوب نے بھی مسلمانوں کو رمضان کی مبارکباد پیش کی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

 

تبصرے بند ہیں.